مانسہرہ تھانہ پھلڑہ پولیس کی کارروائی ، 5 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار، چھینی گئی رقم، موبائل فونز و اسلحہ برآمد

اتوار 14 ستمبر 2025 21:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) مانسہرہ کے تھانہ پھلڑہ کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر کے ڈکیتی کے دوران چھینی گئی رقم، موبائل فونز اور واردات میں استعمال کیا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق 10 اگست کو دھنکہ شریف عرس سے واپسی کے دوران تھانہ پھلڑہ کی حدود گھڑوال چوک میں نامعلوم ملزمان نے رات کے وقت روڈ پر ناکہ لگا کر گزرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو لوٹا۔

متعدد شہریوں کی جانب سے اس واقعہ کی تحریری درخواستیں تھانہ پھلڑہ میں موصول ہوئیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ نے ایس پی اوگی زاہد الرحمن کی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس میں ڈی ایس پی سرکل پھلڑہ مدثر ضیاء، ایس ایچ او تھانہ پھلڑہ قائم علی شاہ اور دیگر تجربہ کار سٹاف شامل تھے۔

ٹیم نے جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے دن رات محنت کر کے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور بروقت چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں پانچ ملزما محمد سراج ولد نیاز محمد سکنہ منگل ڈوگہ لساں نواب، نصرم ولد محمد اسلم سکنہ ڈنہ، عابد ولد حیدر زمان سکنہ ڈنہ، ساجد ولد شیر زمان سکنہ ڈنہ میرا اور علی خان ولد شیر زمان سکنہ ڈنہ میرا کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان سے چھینی گئی رقم 41 ہزار روپے، چار قیمتی موبائل فون، چار 30 بور پستول اور ایک کلاشنکوف برآمد کی گئی۔ پولیس نے دیگر دو ملزمان عامر اور نصیر کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔علاقہ عمائدین اور مدعیان نے تھانہ پھلڑہ کے عملے کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کو ہار پہنائے اور ان کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی پر دلی شکریہ ادا کیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے بھی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مانسہرہ پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گیں۔