سمارانچ کپ ایشین باسکٹ بال ٹورنامنٹ،قومی انڈر-14 باسکٹ بال اسکواڈ شارٹ لسٹ کر لیا گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے چین میں کھیلی جانیوالی سمارانچ کپ ایشین باسکٹ بال ماسٹرز انویٹیشنل ٹورنامنٹ کیلئے انڈر-14 اسکواڈ شارٹ لسٹ کر لیا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کی سربراہی میں قائم چار رکنی سلیکشن کمیٹی جن میں ہیڈ کوچ ریاض ملک، کرنل (ر) شجاعت علی رانا اور عمران افضل شامل تھے نے سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ ٹرائلز میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد بعد 16 کھلاڑیوں کو نیشنل ٹریننگ کیمپ کے لیے شارٹ لسٹ کیا۔

دو روزہ ٹرائلز کو صدر پی بی بی ایف بریگیڈیئر محمد افتخار منصور، سینئر نائب صدر امتیاز رفیع بٹ، ایسوسی ایٹ سیکریٹری اوج ظہور صدر فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اعجاز رفیع بٹ، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن باسکٹ بال ایسوسی ایشن ایم یعقوب قادری اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رضوان الحق رازی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کا کہنا تھا کہ کہ کم عمری میں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کھلاڑیوں کے اعتماد اور تجربے میں اضافہ کرے گی اور ملک میں باسکٹ بال کے معیار کو بلند کرے گی۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر احمد پیرزادہ کی خصوصی کوششوں، چینی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے بھرپور تعاون سے قومی جونیئر ٹیم چین کا دورہ کریگی۔ دورہ چین کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان ٹریننگ کیمپ کے اختتام پر کیا جائیگا۔