Live Updates

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا حالیہ سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا تفصیلی دورہ،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ

اتوار 14 ستمبر 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اتوار کے روز حالیہ طوفانی بارشوں، کلائوڈ برسٹ اور سیلاب سے متاثرہ ضلع بونیر کا تفصیلی دورہ کیا۔ گورنر ہاؤس پشاور سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلع بونیر دورہ کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی انتظامیہ اور انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کیجانب سے سیلابی نقصانات امدادی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، گورنر نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کسی بھی مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور فوری و طویل المدتی اقدامات کے ذریعے بحالی کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر نے اپنے دورے کے دوران یونین کونسل ملک پور، پاچا بٹائی بشونائی گاؤں میں ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس، میڈیکل ہیلتھ ہونٹس کا افتتاح کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے امدادی کاموں میں مصروف خیبر پختونخوا بوائزسکائوٹس ایسوسی ایشن کی ٹیم سے بھی ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے انکی خدمات اور جذبہ کو سراہا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے بعد سب سے بڑا مسئلہ آلودہ پانی اور بیماریوں کا پھیلاؤ ہوتا ہے، ایسے میں انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کیجانب سے روزانہ بنیادوں پر فلٹریشن پلانٹ سے صاف پانی کی فراہمی ایک بہترین اقدام ہے اور اس حوالے سے وہ سندھ حکومت کے بھی شکرگزار ہیں کہ جس نے صاف پینے کے پانی کیلئے فلٹریشن پلانٹ مہیاکئے، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ایک چیلنج ہیں اور اس چیلنج کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے۔

حکومت، سرکاری ادارے، مقامی تنظیمیں اور عوام اگر متحد ہو جائیں تو مشکلات کو آسانی سے شکست دی جا سکتی ہے۔گورنر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تنظیموں اور فلاحی اداروں نے بھی مشکل وقت میں عوام کی مدد کی جوقابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے انجمن ہلال احمر، ضلعی انتظامیہ اور مقامی کمیونٹی کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے متاثرہ خاندانوں کے لیے بجلی کے بلوں کی معافی کا اعلان کیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو مالی بوجھ سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی اولین ترجیح متاثرین کی فوری بحالی ہے، اس مقصد کے لیے امدادی رقوم، بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبے بھی جاری کئے جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات