Live Updates

بھارتیوں سے ہاتھ ملانے گئے تو کیا ہوا پاکستان کے ہیڈ کوچ نے سارا قصہ سنا دیا

پیر 15 ستمبر 2025 13:26

بھارتیوں سے ہاتھ ملانے گئے تو کیا ہوا پاکستان کے ہیڈ کوچ نے سارا قصہ ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑی روایتی مصافحہ کے ذریعے کھیل کے جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے تیار تھے لیکن ان کے مخالفین (بھارتی ٹیم) نے ہاتھ نہیں ملایا۔

انہوں نے کہا ظاہر ہے، ہم کھیل کے اختتام پر مصافحے کے لیے تیار تھے، ہمیں مایوسی ہوئی کہ ہماری اپوزیشن نے ایسا نہیں کیا، ہم ہاتھ ملانے کے لیے وہاں گئے لیکن وہ (بھارتی کھلاڑی) پہلے ہی ڈریسنگ روم کی طرف جا رہے تھے۔مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ کھیل ختم ہونے کا یہ ایک افسوسناک طریقہ تھا، ہم اپنے کھیل سے مطمئن نہیں تھے ، اس کے باوجود ہمیں ہاتھ ملانے میں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جب پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور کوچ مائیک ہیسن بھارتی کیمپ تک پہنچے مگر کوئی بھارتی کھلاڑی باہر نہ آیا۔ہیڈ کوچ نے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کی میچ کے بعد کی پریزنٹیشن سے غیر حاضری پر بھی بات کی اور اسے ہاتھ نہ ملانے کے تنازع سے جوڑا۔انہوں نے بتایا کہ ظاہر ہے وہ کیفیت ایسی تھی کہ مایوس کن جذبات تھے، اس وقت ایسی صورتحال ہوگئی تھی، ہم ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے لیکن بھارتی ٹیم نے ایسا نہیں کیا۔

خیال رہے کہ کرکٹ کی پرانی روایت ہے کہ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہیں اور ٹاس کے بعد کپتان مصافحہ ضرور کرتے ہیں۔ مگر بھارتی ٹیم اس بار کھیل کی اس بنیادی روایت کو بھی بھلا بیٹھی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات