Live Updates

جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ اضلاع میں پاکستان بیت المال امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش

پیر 15 ستمبر 2025 17:24

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ اضلاع میں پاکستان بیت المال امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے،پاکستان بیت المال مظفرگڑھ آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان بیت المال، سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنوبی پنجاب رانا محمد رمضان طاہر کی قیادت میں، جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع ملتان، بہاولپور، مظفرگڑھ اور خانیوال میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے۔

پاکستان بیت المال نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان، الخدمت فاونڈیشن پاکستان، المصطفٰی ویلفیئر سوسائٹی پاکستان اور سلطان فاونڈیشن ملتان کے اشتراک سے اب تک تقریباً 30,000 متاثرین میں پکا پکایا کھانا اور صاف پینے کے پانی کی بوتلیں تقسیم کی ہیں،ڈائریکٹر جنوبی پنجاب رانا محمد رمضان طاہر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ذاتی طور پر متاثرین میں کھانا تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

ان کی سربراہی میں پاکستان بیت المال کی ٹیموں نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک رسائی حاصل کی، جہاں اب تک کوئی دوسری فلاحی تنظیم یا ادارہ نہیں پہنچ سکا تھا۔ ان علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بیت المال نے دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر مثالی تعاون کا مظاہرہ کیا، جس سے متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی گئی۔

رانا محمد رمضان طاہر نے کہا کہ "پاکستان بیت المال کا مشن خدمت خلق ہے، اور ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔ ہماری ٹیمیں دن رات مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد کے لیے کام کر رہی ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہ امدادی سرگرمیاں سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی میں جاری ہیں، جن کا مقصد متاثرہ افراد کی فوری ضروریات پوری کرنا ہے۔پاکستان بیت المال اور اس کے شراکت دار اداروں کی جانب سے یہ امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، اور مزید متاثرہ علاقوں تک رسائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ادارہ عوام سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کےلئے آگے آئیں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات