نوبیہ زہرہ کو کامیاب پبلک ڈیفنس کے بعد پی ایچ ڈی کی ڈگری ایوارڈ کرنے کی سفارش کردی گئی

پیر 15 ستمبر 2025 17:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی کی نوبیہ زہرہ کو کامیاب پبلک ڈیفنس کے بعد پی ایچ ڈی کی ڈگری ایوارڈ کرنے کی سفارش کردی گئی ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شعبہ انگلش کی پی ایچ ڈی سکالر سیدہ نوبیہ زہرہ کے مجلسی دفاع کی تقریب کچہری کیمپس میں منعقد ہوئی ،ان کے ریسرچ مقالے کا عنوان ’’بی آر آئی اور سی پی ای سی پر پاکستانی چینی اور ہندوستانی سفارتی مکالموں کا کثیر جہتی کارپس پر مبنی جذباتی تجزیہ ‘‘تھا، ان کے مقالے کی سپروائزرپروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان اور ڈاکٹر محمد افضال اور ایکسٹرنل سپروائززڈاکٹرنوید احمد چوہدری اور ڈاکٹر عدنان طاہر تھے ۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر آفتاب احمد( کمشنرریونیو پنجاب)تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین دوستی ایک تاریخی سچائی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان جو رشتہ قائم ہے اس کے اثرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں ،سی پیک جیسے منصوبے کے تناظر میں یہ مقالے بڑی اہمیت کا حامل بن جاتا ہے ،ایسے ویمن یونیورسٹی میں ریسرچ کا یہ معیاراس کی فیکلٹی کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

مقالے کی نگران پروفیسرڈاکٹر میمونہ خان کا کہنا تھا کہ ایک حساس موضوع پر ریسرچ اس مقالے کی قدروقیمت میں اضافہ کرتی ہے ،سکالرنوبیہ نے اپنے کام سے انصاف کرتے ہوئے مضبوط دلائل کے ساتھ اپنی ریسرچ مکمل کی ہے ۔ اس موقع پر سنگھائی یونیورسٹی کے ریسرچ سپروائزر ڈاکٹر محمد افضال اورفیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔