جہلم ویلی کے غیور عوام نے پھر ثابت کر دیا وہ موروثی،کرپٹ سیاستدانوں اور سکیم خور مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں،ذیشان حیدر

پیر 15 ستمبر 2025 21:27

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ سہولت کار،اقتدار کے پُجاری اور سرکاری مراعات پر عیش و عشرت کرنے والے عناصر اب اپنی حیثیت اور حقیقت کو پہچان چکے ہوں گے،جہلم ویلی کے غیور عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ موروثی،کرپٹ سیاست دانوں اور سکیم خور مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں،چناری، چکوٹھی،کھلانہ، ہٹیاں بالا، سینا دامن اور چکار کے تاجروں اور سول سوسائٹی نے مشترکہ طور پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جو عوام کی غیرت، شعور اور اجتماعی بیداری کا عملی مظاہرہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ عوامی بیداری کی یہ لہر اس بات کی غماز ہے کہ اب شعور اور حق کی جدوجہد کا مقابلہ سکیم خوری اور ذاتی مفاد کی سیاست سے ہے، جہلم ویلی میں سید فیصل گیلانی، اویس خان،شبیر عباسی، چوہدری علی رضا، عارف ڈار، آصف اقبال مغل، عامر روشن اعوان، حمزہ میر اور دیگر باشعور تاجروں، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کی موجودگی اور اتحاد اس حقیقت کی علامت ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت عوامی عزم کو شکست نہیں دے سکتی ہے،یہ اتحاد کرپٹ نظام، مراعات یافتہ طبقے کے خلاف ایک مضبوط عوامی پیغام ہے کہ ان کا انجام اب قریب ہے،آزادکشمیر کے عوام، بالخصوص جہلم ویلی کے شہری، بیدار ہو چکے ہیں وہ جان گئے ہیں کہ ان کے وسائل اور حقوق کو کس طرح لوٹا گیا اور عوامی اعتماد کو کس طرح مجروح کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ عوام اس استحصالی نظام کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کریں،سید ذیشان حیدر نے کہا کہ عوام بھرپور تیاری کریں، احتجاجی میدان میں اپنی قوت اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ہر قسم کی ریاستی جبر اور پولیس گردی کا پرامن طور پر مقابلہ کریں، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ترقی یافتہ معاشروں میں آئین و قوانین عوامی خواہشات اور اجتماعی منشا کے مطابق وضع اور ترمیم کیے جاتے ہیں، جبکہ عوام کی مرضی کو نظرانداز کرنے والے معاشرے کبھی ترقی کی منزل طے نہیں کر سکتے،آزادکشمیر کے عوام آئینی و جمہوری اصولوں کے تحت اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کرنے کا پورا اختیار رکھتے ہیں، یہ ان کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ پرامن احتجاج کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں،مراعات یافتہ طبقہ اپنے انجام کے قریب ہے عوامی شعور، بیداری اور قربانی کے جذبے کے سامنے کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی جہلم ویلی کے عوام اپنی غیرت اور اتحاد کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں اور انشاء اللہ حق کی فتح یقینی ہے۔