تجارتی مرکز چناری کی تقریباً تیس سال سے پاور ہاؤس کھٹائی کے ساتھ منسلک بجلی کاٹ کر چھم پاور ہاؤس کے ساتھ منسلک کردی گئی

پیر 15 ستمبر 2025 21:27

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء)محکمہ پی ڈی او نے سات یونین کونسلوں کے تجارتی مرکز چناری کی تقریباً تیس سال سے پاور ہاؤس کھٹائی کے ساتھ منسلک بجلی کاٹ کر چھم پاور ہاؤس کے ساتھ منسلک کردی،شدید گرمی میں عوام کو لوڈشیڈنگ،کم وولٹیج اور ٹرپنگ کے باعث شدید مشکلات، پریشانیوں کا سامنا ،وزیر اعظم،وزیر پی ڈی او،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ پی ڈی او کے ذمہ داران نے اپنی من مانی کرتے ہوئے کھٹائی پاور ہاؤس سے منسلک چناری کی بجلی کاٹ کر چھم پاور ہاؤس کے ساتھ منسلک کردی جس کی وجہ سے وولٹیج کمی،ٹرپنگ کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کے باعث چناری کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے،جیسے ہی لائن میں کوئی فالٹ آتا ہے چناری کی بجلی بھی منقطع ہو جاتی ہے،عوامی حلقوں نے یہ بات زمہ داران کے نوٹس میں لائی لیکن کسی نے بھی کوئی توجہ نہیں دی،عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چناری سات یونین کونسلوں کا تجارتی مرکز ہے جہاں کی بجلی کاٹنا قابل افسوس ہے اگر برقیات اور پی ڈی او نے دوبارہ کھٹائی پاور ہاؤس سے چناری کی بجلی منسلک نہ کی تو سرینگر مظفرآباد روڈ کو بند کر کے شدید احتجاج کیا جائے گا اس دوران حالات خرابی کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پی ڈی او پر عائد ہو گی۔