Live Updates

کوئٹہ و گردونواح میں عوام بدترین مشکلات سے دوچار ،بجلی ،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے،نصراللہ زیرے

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ عوامی مسائل، ناانصافیوں اور ریاستی اداروں کی زیادتیوں کے خلاف پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیراہتمام 17 ستمبر 2025ئ بروز بدھ کو کوئٹہ شہر میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرے اور جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرہ عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی، بیروزگاری اور حکومتی اداروں کے ناروا رویوں کے خلاف عوامی آواز بلند کرنے کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے یہ بات ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں یونٹوں اور علاقائی کمیٹیوں کے تحت منعقدہ عوامی اجتماعات، جرگوں اور اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان اجتماعات میں تختانی پاس اول سے آمین اللہ کاکڑ، حاجی امان اللہ بارکزئی، ولی توخی، اتحاد کالونی میں عبدالجبار مندوخیل، حافظ بشیر بڑیچ، میروائس نیکہ یونٹ میں احسان خان اور روزی محمد، غوث آباد لوڑ کاریز سے گل شاہین وردگ اور حاجی نقیب اللہ مہربان، نوحصار میں عبد الودود بازئی، شالدرہ میں حاجی سلام صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبد الرزاق بڑیچ ب اور عبدالغنی مومند، تختانی دوئم میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری احمداللہ بڑیچ، نزیر خان اچکزئی اور عبدالرزاق ملاخیل، ہزار گنجی سے اکبر کلی وال، عبید اللہ بڑیچ اور منظور تارن سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور گردونواح میں عوام بدترین مشکلات سے دوچار ہیں۔ بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر اور مضافات میں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے جبکہ واپڈا حکام عوام کے میٹر قبضے میں لے کر اذیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک گیس مکمل طور پر بند رہتی ہے جس سے گھریلو خواتین سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز کی جانب سے طلبائ ، ملازمین اور عوام کے ساتھ ناروا رویہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ روزانہ ہزاروں موٹر سائیکلوں کے غیر قانونی چالان اور پکڑ دھکڑ ہورہی ہے جس نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفا کوئٹہ نے شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔ عملہ صرف افسر شاہی اور نمائندہ شخصیات کے علاقوں کی صفائی کرتا ہے جبکہ کوٹوال، نواں کلی، سریاب، پشتون آباد، عالمو، مین شہر، شالدرہ اور بائی پاس جیسے علاقوں میں گندگی کے پہاڑ لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر آج چوروں، منشیات فروشوں اور ڈرگ مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔ موبائل چھیننے، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ بلیلی کسٹم چیک پوسٹ پر ٹرک ڈرائیوروں کو بلاوجہ گھنٹوں روڈ پر کھڑا کیا جاتا ہے جس سے ایمرجنسی مریض بروقت اسپتال نہ پہنچ سکنے کے باعث مشکلات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ کسٹم اہلکار ان سے بھاری رشوت وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کے روزگار پر بھی ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس ان غریب طبقوں کو تنگ کرکے ان سے دو وقت کی روٹی بھی چھین رہی ہے۔ دوسری جانب مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ صرف آٹے کی قیمت دو ماہ کے اندر 30 فیصد بڑھ چکی ہے، مگر پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف نمائشی اقدامات تک محدود ہیں۔نصراللہ زیرے نے افغان کڈوال عوام کے خلاف حکومتی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان کے تعلیمی اداروں کی بندش اور جبری طور پر ڈیورنڈ لائن پار کرانے کی پالیسی غیر انسانی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 17 ستمبر کے مظاہرے اور جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے محب وطن شہریوں، طلبائ ، مزدوروں اور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے نکلنے والے احتجاجی جلوس اور باچا خان چوک میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام میں شرکت کرکے ناانصافیوں، مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحدہ آواز بلند کریں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات