فیصل آباد میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے حوا لہ سے ویکسینیشن مہم کا آغاز

پیر 15 ستمبر 2025 20:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے پہلی قومی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز زینب جہانداد نے مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد احمد، سی ای او ایجوکیشن عبد الکریم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت کھچی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد عظیم کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کے مطابق 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی اس قومی ویکسینیشن مہم میں ضلع بھر کی 471 ٹیمیں 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو مفت ویکسینیشن لگائیں گی۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ سرویکل کینسر خواتین کی صحت کے لئے ایک جان لیوا بیماری ہے جس کے باعث پاکستان میں ہر سال5 ہزار سے زائد بچیاں اور خواتین اپنی جانوں سے محروم ہو جاتی ہیں۔

اس ویکسین کے ذریعے بچیوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز زینب جہانداد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی یہ کاوش آئندہ نسلوں کو صحت مند بنانے کی ضمانت ہے۔ والدین اپنی بچیوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں اور ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ سرویکل کینسر جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور بچیوں کی مفت ویکسینیشن اسی سلسلے کی ایک بڑی کامیابی ہے۔