عراق میں جوس کا کارٹن رشوت لینے پر 2 پولیس اہلکار بر طرف

منگل 16 ستمبر 2025 08:40

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) عراق میں 'جوس کا کارٹن' رشوت لینے پر 2 پولیس اہلکار بر طرف کر دیا گیا۔العربیہ کےمطابق عراق کی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق پولیس کی ایک گشتی ٹیم کے خلاف رشوت لینے پر برطرفی، قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ یہ رشوت جوس کے ایک عدد کارٹن کی صورت میں تھی جو ایک گاڑی والے سے بطور تحفہ لی گئی۔

(جاری ہے)

وزارت کی جانب سےجاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ داخلی سلامتی کی پہلی عدالت نے گشتی ٹیم کے ایک اہل کار کو دو سال قید با مشقت، گیارہ لاکھ عراقی دینار جرمانہ اور ملازمت سے برطرفی کی سزا سنائی۔ عدالت نے اس حرکت کو "وقار کے منافی جرم" قرار دیا۔اسی گشتی ٹیم کے دوسرے اہل کار کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی کیونکہ وہ اس جرم کو روکنے یا رپورٹ کرنے میں ناکام رہا اور معاملہ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ہی سامنے آیا۔

ٹیم کے دو دیگر ارکان کو نا کافی ثبوت کی بنا پر رہا کر دیا گیا۔وزارت داخلہ نے زور دیا کہ وہ اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ انفرادی غلط رویّے اس کے اہل کاروں کی قربانیوں اور خدمات پر داغ بنیں۔ وزارت نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی وزارت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔