پیغام پاکستان ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع اور امن کے فروغ کا نام ہے، ملک میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ عطاء اللہ تارڑ

منگل 16 ستمبر 2025 21:05

پیغام پاکستان ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع اور امن کے فروغ کا نام ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع اور امن کے فروغ کا نام ہے، امن کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے گا، ملک میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں، دہشت گردوں کے سہولت کار بھی دہشت گرد ہیں، افواج پاکستان کا ملکی سرحدوں کے دفاع میں کردار ناقابل فراموش ہے۔

منگل کو یہاں پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ قومی پیغام امن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے جید علماء کرام اور غیر مسلم کمیونٹیز کے نمائندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے اس اہم انیشی ایٹو کا حصہ بننے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیغام پاکستان نے پورے ملک میں واضح کر دیا ہے کہ ریاست پاکستان کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا کیونکہ پاکستان اسلامی ریاست ہے اور اسلام و شریعت میں اس کی گنجائش نہیں، اس بارے میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا فتویٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان بڑی کامیابی سے جاری و ساری ہے اور سبز ہلالی پرچم کے سفید حصے کی نمائندگی بھی اس میں شامل ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں غیر مسلم کمیونٹیز کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کے لئے علماء کرام کی بڑی قربانیاں ہیں، کئی علمائے حق اس وجہ سے شہید ہوئے کہ ان کی دہشت گردوں کے خلاف بلند آواز تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ملک 27 ویں رمضان کی شب معرض وجود میں آیا اور اس میں لوگوں کی عظیم قربانیاں، خون اور جانوں کے نذرانے شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہماری بہادر افواج کی بڑی قربانیاں ہیں، معرکہ حق کے دوران پوری قوم اکٹھی ہوئی اور یہ پیغام پاکستان تھا جس نے سب کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دو قومی نظریے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کی چھتری کے نیچے ایک پیغام امن کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے مقاصد یہ ہیں کہ ملک میں جب تک امن قائم نہیں ہوگا، امن کو خراب کرنے والوں کا کھل کر نام نہیں لیا جائے گا اور دین اسلام کا پیغام گھر گھر نہیں پہنچایا جائے گا تو بات ادھوری رہ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کے ذریعے ملک کے کونے کونے میں امن کا پیغام پہنچایا جائے گا، سیمینارز، جلسے اور جلوس، میڈیا و سوشل میڈیا کے ذریعے اس پیغام کو آگے بڑھایا جائے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں قوم نے 90 ہزار جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔ یہ بات واضح ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی رنگ، نسل یا مذہب نہیں ہوتا، ہم ریاست کے دفاع و سالمیت کے لئے آخری حد تک جائیں گے اور امن کا پیغام ہر جگہ پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم روز اپنے جوانوں اور افسروں کی لاشیں اٹھاتے ہیں، جو سکولوں کے بچوں تک کو نہیں بخشتے ان کا کوئی دین یا مذہب نہیں ہو سکتا، یہ وہ عناصر ہیں جو ریاست پاکستان کے خلاف ہیں۔ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ دہشت گردوں کا سہولت کار بھی دہشت گرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مشائخ عظام اس پر متفق ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کے تسلسل میں پیغام امن کو آگے بڑھایا جائے گا، پورے پاکستان میں اس پر اتفاق پایا جاتا ہے اور سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اس کو فروغ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان انشاء اللہ تعالی تاقیامت قائم و دائم رہے گا، ترقی کرے گا اور دہشت گردی کے ناسور کو ہم سب مل کر ہمیشہ کے لئے ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہماری بہادر افواج قربانیاں دے رہی ہیں اور دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہیں، وہاں میرے دائیں بائیں بیٹھے محترم حضرات نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں اور اس حفاظت کا حق ہم سب مل کر ادا کریں گے۔\932