پاکستان ٹرانس افغانستان ریلوے منصوبے کے بروقت آغاز کیلئے پُرعزم ہے،ہارون اخترخان کی ازبکستان کے وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو

منگل 16 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوارہارون اخترخان نے کہاہے کہ پاکستان ٹرانس افغانستان ریلوے منصوبے کے بروقت آغاز کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات ازبکستان کے دورہ کے دوران ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عریپوف سے ملاقات میں کہی۔منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان اور وسط ایشیائی ریاست ازبکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور فروری میں وزیراعظم پاکستان کے ازبکستان کے دورے کے تسلسل میں معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ازبکستان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان، ایس آئی ایف سی اور وزارت صنعت و پیداوار کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران معاون خصوصی نے ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عریپوف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطہ کاری، بینکنگ، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

معاون خصوصی نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ازبک قیادت کے لئے نیک خواہشات پہنچائیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ٹرانس افغانستان ریلوے منصوبے کے بروقت آغاز کے لئے پُرعزم ہے۔ تجارت کے فروغ اور بینکنگ میں سہولت کے لئے انہوں نے ازبکستان میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ کھولنے اور ترجیحی تجارت کے معاہدے میں اشیا کی فہرست کو توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ازبکستان میں پاکستانی سرمایہ کاری بالخصوص فارماکے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ ازبکستان کے وزیراعظم نے معاون خصوصی کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے کلیدی معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے روابط کو جاری رکھا جائے تاکہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں۔