والدین سرویکل کینسر کے خلاف ویکسینیشن مہم کا حصہ بنیں، بچیوں کو مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں، ڈاکٹر راشدہ بتول

منگل 16 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر راشدہ بتول نے والدین سے اپیل کی کہ وہ سرویکل کینسر کے خلاف ویکسینیشن مہم کا حصہ بنیں، بچیوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں ،علم اور عمل کے ساتھ ایک محفوظ معاشرہ قائم کریں۔ ڈاکٹر راشدہ بتول نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً پانچ ہزار خواتین سرویکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں، جن میں سے تین ہزار خواتین اس مرض کے باعث جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین ایک محفوظ اور مؤثر ویکسین ہے۔ ویکسینیشن ایک مضبوط حفاظتی قدم ہے جو ہماری بچیوں کو مستقبل کے ایک خطرناک مرض سے بچا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

9 سے 14 سال کی بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سرویکل کینسر سے بچائو کی مہم 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور کشمیر میں جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی بچیوں اور بہنوں کو کینسر کی موذی مرض سے بچائیں اور ویکسین لگوائیں انہوں نے کہا کہ ویکسین سکولوں، بنیادی مراکز صحت، اور مختلف ویکسینیشن کیمپوں میں فراہم کی جارہی ہے۔ والدین کو بھی اس مہم سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی بچیوں کو بروقت ویکسین لگوانے کے لیے آمادہ ہوں۔ڈاکٹر راشدہ بتول نےکہا کہ بدقسمتی سے خواتین سرویکل کینسر کی علامات پر تاخیر سے توجہ دیتی ہیں۔ ڈاکٹر راشدہ نے کہا کہ والدین اپنی بچیوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ بنانے کے لیے یہ ویکسین لازمی لگوائیں۔پاکستان میں خواتین کو سرویکل کینسر جیسے جان لیوا مرض سے بچانے کے لیے پہلی مرتبہ ایچ پی وی (HPV) ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔