Live Updates

قائم مقام صدرمملکت سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف زمرد خان کی ملاقات

منگل 16 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) قائم مقام صدرمملکت سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف زمرد خان نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کےمطابق قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان سویٹ ہوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمزور طبقوں کیلئے فلاحی پروگرامز جاری رکھے جائیں۔

زمرد خان نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم ایک بچے سے شروع ہو کر ملک گیر ادارہ بن چکا ہے، پاکستان سویٹ ہوم یتیم اور نادار بچوں کی کفالت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

زمرد خان نے یوسف رضاگیلانی کوسیدہ فاطمہ الزہرہ دسترخوان سے متعلق آگاہ کیا، سیدہ فاطمہ الزہرہ دسترخوان روزانہ سات ہزار سے زائد افراد کو مفت کھانا فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بھی دسترخوان کے ذریعے مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان محمد جمالی، سینیٹر زرقا سہروردی اور ندیم افضل چن نے بھی قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ اشرف وڑائچ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کے کزن تنویر الحسن گیلانی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات