×پاکستان اور بالخصوص وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قطر پر ہونے والے حملے کے خلاف جس موثر انداز میں آواز بلند کی ہے

منگل 16 ستمبر 2025 23:30

,کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قطر پر ہونے والے حملے کے خلاف جس موثر انداز میں آواز بلند کی ہے، وہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی ہے۔

پاکستان کی حکومت نے عالمی سطح پر قطر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امن کے قیام کی جس پالیسی کا عملی مظاہرہ کیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ہمیشہ امت مسلمہ کے مفاد اور عالمی امن کے لیے ہر فورم پر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قطر ایک برادر اسلامی ملک ہے جس نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

چاہے بات معاشی تعاون کی ہو یا سفارتی محاذ پر پاکستان کے موقف کی تائید کی، قطر کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

اس تناظر میں پاکستان کا قطر کے حق میں کھڑا ہونا ہماری اسلامی و اخلاقی ذمہ داری بھی ہے اور برادرانہ تعلقات کا تقاضا بھی۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ مسلم ممالک کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستان نہ صرف قطر بلکہ تمام مسلم ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور اتحاد کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ قطر پر حملے کی شدید مذمت کی جائے اور فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے خطے میں امن و استحکام قائم رہے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان وزیر اعظم شہباز شریف کے مقف کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کا ہر شہری برادر اسلامی ممالک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا