موجودہ حالات وواقعات کے تناظر میں تربیتی مشقوں کا انعقاد از حد ضروری ہے،دیوان علی چغتائی

بدھ 17 ستمبر 2025 15:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)ہلال احمر آزادکشمیر، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پولیس، سول ڈیفنس، محکمہ صحت کی مشترکہ ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد۔ مشقوں کا انعقاد انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے تعاون سے کیا گیا۔ عملی مشقوں کا انعقاد مظفرآباد ہائی گراؤنڈ میں کیا گیا۔ ایمرجنسی مشقوں کے انعقاد کا مقصد کسی بھی ہنگامی حالات و قدرتی آفات کے دوران پیشہ وارانہ تیاریوں کا جائزہ لینا، اداروں کے مابین ورکنگ ریلیشن شپ اور ریسپانس میکنزم کو بہتر بنانا تھا۔

عملی مشقوں کے مظاہرے میں ہلال احمر آزادکشمیر کے ریسپانڈرز، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس، اور بم۔ڈسپوزل کے اہلکاران و رضاکاران نے حصہ لیا۔ تقریب میں وزیر تعلیم آزادکشمیر دیوان علی چغتائی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاؤہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد یونس میر، ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس کیپٹن ابرار اعظم، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ فاروق اعوان صاحب ڈی ایس پی شجاع گیلانی کے علاؤہ عملی مشقوں کے مظاہرے میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے موومنٹ کوآپریشن لیڈر واصف جان، سید حسنین احمد کوآپریشن ٹیم سپیشلسٹ، ہارون عباسی کوآپریشن ایڈمنسٹریٹو اسسٹنٹ نے شرکت کی۔

نیشنل۔ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سے ڈپٹی ڈائریکٹر آرگنائزیشن ڈویلپمنٹ راجہ ریحان عارف، کرنل (ر) ارشاد حسین ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی اینڈ سیکیورٹی نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی نے ہلال احمر آزادکشمیر کو مشقوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات وواقعات کے تناظر میں تربیتی مشقوں کا انعقاد از حد ضروری ہے۔

وزیر تعلیم نے اداروں کے مابین کوآرڈینیشن میکنزم اور ریسپانس کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے ہلال احمر پاکستان کو تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی۔شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلال احمر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ آج کی ان تربیتی مشقوں کا مقصد اجتماعی طور پر پیشہ وارانہ تیاریوں کا جائزہ لینا، اداروں کی مابین باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ورکنگ ریلیشن شپ کو فروغ دینا اور ریساپنس میکنزم کو بہتر بنانا تھا۔

اور مجھے قوی امید ہے کہ آج کی یہ تربیتی مشقیں ہماری اجتماعی تیاری کو مزید موثر بنانے میں ایک پل کا کردار ادا کریں گی۔ سردار شفیق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر 2005 کے زلزلے میں جانی نقصان کی سب سے بڑی وجہ تربیتی یافتہ عملے کی کمی، ہنگامی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے پیشگی تیاری اور بروقت ریسپانس کا نہ ہونا تھا۔ لائن آف کنٹرول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سات لاکھ لوگ لائن آف کنٹرول پر بستے ہیں جو بلواسطہ یا بلا واسطہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ہمیں ان علاقوں اور ضلعوں پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں پر خاص توجہ دینی ہو گی، ہنگامی حالات، قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لئے ان کی استعداد کار اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، ابتدائی طبی امداد کی تربیتوں سے مقامی آبادی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو گا تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو حتی الامکان کم کیا جاسکے۔

چیئرمین سردار شفیق احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس اور نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے تربیتی مشقوں کے انعقاد پر شکر گزار ہیں۔ تقریب سے سپیشل سیکرٹری صحت عامہ، ڈائریکٹر جنرل شہری دفاع، ڈائریکٹر صحت عامہ فاروق اعوان، انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس موومنٹ کوآپریشن لیڈر واصف جان نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سیکرٹری ہلال احمر محترمہ گلزار فاطمہ نے مہمانوں کو خوش امدید کرتے ہوئے مستقبل میں بھی مشترکہ تربیتی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکائے تربیت اور مہمانوں میں تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی دی گئیں۔