سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ مافیا کے حوالے کرنے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے‘ ضیاء الدین انصاری

بدھ 17 ستمبر 2025 16:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے یکم اکتوبر سے تمام سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے تعلیم دشمن پالیسی قرار دیا ہے۔سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی کے تحت قائم بنو قابل آئی ٹی سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پنجاب میں تعلیم کا قتل عام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ہزاروں غریب ملازمین بے روزگار ہوں گے بلکہ لاکھوں غریب بچوں کے لیے تعلیم کا دروازہ بھی بند ہو جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا تعلیم کو بیچنے سے پاکستان ترقی کرے گا کیا غریب بچوں کو تعلیم سے محروم کر کے خوشحال پاکستان بنایا جا سکتا ہی ضیاء الدین انصاری نے مطالبہ کیا کہ تعلیم کو سب کے لیے مفت اور آسان بنایا جائے، اور سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ مافیا کے حوالے کرنے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب کے بچوں کو بھی امیر کے برابر تعلیم کا حق حاصل ہے، اور تعلیم بیچنے والے پاکستان کے مستقبل کے دشمن ہیں۔اس موقع پر انچارج بنو قابل آئی ٹی سنٹر عثمان افضل نے امیر جماعت اسلامی کو بنوقابل پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل آئی ٹی پروگرام لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں بدل رہا ہے۔ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کی تعلیم دے کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے جو کہ ملک و قوم کی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔