Live Updates

حالیہ بارشوں اور سیلاب نے پاکستان بالخصوص کے پی کے اور پنجاب میں بے پناہ تباہی مچائی ہے ، نسیم ملا خیل

بدھ 17 ستمبر 2025 20:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملا خیل نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے پاکستان بالخصوص کے پی کے اور پنجاب میں بے پناہ تباہی مچائی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات ہمارے لیے ایک بڑے چیلنج کی صورت اختیار کر چکے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اجتماعی سطح پر اس مسئلے کا مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی درجنوں دیہات متاثر ہوئے، زراعت کو نقصان پہنچا اور کئی خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ حکومت بلوچستان متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت اور بین الاقوامی اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نسیم الرحمان خان ملا خیل نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ انسانی جانوں، معیشت اور مستقبل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ شجرکاری، پانی کے وسائل کا موثر استعمال اور ماحول دوست پالیسیوں کے ذریعے ہی ہم آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل فراہم کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور اپنے حصے کا کردار ادا کریں تاکہ بلوچستان سمیت پورا پاکستان موسمیاتی خطرات سے محفوظ ہو سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات