Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کا وزیر آباد میں الیکٹرک بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب و اہم اعلانات

بدھ 17 ستمبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے وزیر آباد میں الیکٹرک بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے ہیں۔ وزیراعلی نے گوجرانوالا میں امراض دل کے علاج کیلئے سنٹربنانے کا اعلان کیا۔ مریم نوازنے الیکٹرک بس پر خواتین ، طلبہ، بزرگوں اور سپیشل افراد کیلئے مفت سفر اورگوجرانوالا میں میٹرو بس سروس کی جلدتعمیر شروع کرانے اعلان کیاہے۔

انہوں نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کیلئے فی ایکڑ 20ہزار روپے ،سیلاب میں مکمل گھر گرنے پر10لاکھ اور جزوی طور پر گھر گرنے پر5لاکھ روپے دینے کااعلان کیاہے۔ وزیراعلی نے گائیں ،بھینسوںکا زرتلافی5لاکھ اور بھیڑ ، بکریوں کا زرتلافی 50ہزار روپے دینے کا اعلان کیاہے۔ وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ ہر فرد کی بحالی تک چین اور آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

ترقی کا سفر اب ہرگلی محلے کے کونے کونے تک پہنچے گا۔ سیلاب کے باوجود پنجاب میں ترقیاتی کام نہیں روکے۔اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت 80ہزار گھر بن رہے ہیںاوردسمبر تک ایک لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کرلیں گے۔ پنجاب والے بڑے صبر کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دسمبر تک1100اور اگلے سال تک1500الیکٹرک بسیں پہنچ جائیں گی۔ پنجاب ایسا صوبہ ہے جہاں انسانی جان ہی نہیں ، جانوروں کی بھی قدر ہے۔

سیلاب زدہ عوام کا زیادہ ترذریعہ معاش مویشی ہے ،ہم نے مویشی بھی محفوظ مقامات پر پہنچائے۔ سیلاب متاثرین کو سیلاب متاثرین نہیں کہوں گی بلکہ وہ میرے مہمان ہیں۔ پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کررہے ہیں اور 25لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات منتقل کیاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں کو سیلاب آنے سے پہلے محفوظ مقامات پرمنتقل نہ کیا جاتا تو تباہی کا اندازہ کرنا مشکل تھا۔

تین دریاں میں جتنا پانی آچکا تھا، وقت پر لوگوں کو نہ نکالتے تو بہت بڑا نقصان ہوسکتاتھا۔ بہاولپور کے نواحی علاقے اوچ شریف میں سیلاب متاثرین کا حال پوچھنے گئی تھی۔حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے تیاری مکمل تھی، پوری حکومتی مشینری نے ایک ٹیم بن کر کام کیاہے۔پاک آرمی، نیوی ، ریسکیو ، سول ڈیفنس ، پولیس اور انتظامیہ نے مثالی اشتراک کار کے ساتھ کام کیا۔

سیلاب متاثرین کیلئے میری پوری کابینہ میدان میں ہے۔ مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ اور رانا سکندر حیات مستقل فیلڈ میں ہیں۔ہمارے وزراسیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے کئی کئی راتیںنہیں سوئے۔ پنجاب کے سیلاب متاثرہ عوام کو پوری طرح بحال کرکے سو ئیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سیلاب متاثرہ خاندانوں کو کھانا، راشن،ادویات ، مویشیوں کیلئے چارہ اور سر چھپانے کیلئے ٹینٹ بھی دیئے جارہے ہیں۔گوجرانوالا میں لاہور سے بہتر اور جدید بس چلائیں گے۔ اب وزیر آباد سے گکھڑ منڈی کا سفر 200روپے کی بجائے صرف 20روپے میں ہوگا۔الیکٹرک بس میں وائی فائی، موبائل چارجنگ مفت ہوگی۔الیکٹرک بس خواتین اور بچیوں کیلئے محفوظ ترین سواری ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیرآباد کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل سکی۔وزیراعلی نے صرف بڑے شہروں کو بسیں دینے کی روایت توڑ دی ہے۔ پرسوں میانوالی اور آج وزیر آباد میں الیکٹرک بس پراجیکٹ لانچ کر دیاہے۔ عوام اب پنجاب میں خود کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں۔ پنجاب میں مفت ادویات بھی مل رہی ہیں اور سڑکیں بھی بن رہی ہیں۔ پرجوش خیرمقدم کرنے پر عوام کا شکریہ اداکرتی ہوں۔نواز شریف کی طرف سے وزیر آباد کے لوگوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ چند دن پہلے سیلاب کے دوران وزیر آباد آئی تھی ، آج پھر دوبارہ الیکٹرک بسوں کا تحفہ لیکر آئی ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات