۳جمعیت علما اسلام ہر محاذ پر شعائر اسلام، عقیدہ ختم نبوت اور ملکی استحکام کی جنگ لڑے گی، مولانا عبدالواسع

بدھ 17 ستمبر 2025 20:20

۹کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے امیر، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام ہر محاذ پر شعائر اسلام، عقیدہ ختم نبوت اور ملکی استحکام کی جنگ لڑے گی۔ ہم کسی بھی صورت دین کی بنیادی اقدار اور وطن کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات و امیر نجم المدارس یونٹ، مولانا طاہر توحیدی کی قیادت میں ایک وفد نے ان سے ملاقات کی۔

وفد میں جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ظفراللہ جتک اور معاون ناظم مالیات مولانا قاری عبدالخالق بھی شامل تھے سنیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ آج کے پر فتن دور میں جہاں عالمی اور اندرونی قوتیں ہمارے دینی اقدار اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہی ہیں، وہاں جمعیت علما اسلام کا کردار ایک مضبوط دیوار کی طرح ہے ہم نے ہمیشہ دین اور ملک کا دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی اس راہ میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور امن کا دارومدار اس کے نظریاتی استحکام پر ہے جب تک ہمارے نوجوان اور قوم دینی اقدار اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رہیں گے، کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جمعیت علما اسلام پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم رکھتی ہے، جہاں ہر شہری کے حقوق کا تحفظ ہو اور اسلامی قوانین کی بالادستی قائم ہو (درین اثنا) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سنیٹر مولانا عبدالواسع جمعیت ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی کی خصوصی دعوت پر 17 اکتوبر کو کلی چلتن رئیسانی ہزار گنجی میں تربیتی کنونشن سے خصوصی خطاب کریں گی