ةلاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں

پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں قتل، اغوا برائے تاوان، زیادتی، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے ( رواں سال کے دوران 4254 گینگ کے 10 ہزار 470 خطرناک مجرمان گرفتا ر، مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد ۔ترجمان پنجاب پولیس

بدھ 17 ستمبر 2025 22:15

n لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کی تکمیل میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں قتل، اغوا برائے تاوان، زیادتی، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران 4254 گینگزکے 10 ہزار 470 خطرناک مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران پولیس نے مجرمان کے قبضہ سے 2 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد مال مسروقہ برآمد کیا جس میں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، سونا، مویشی اور نقدی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولی بارود بھی برآمد کیا گیا جن میں 1336 کلاشنکوف، 2298 رائفلز، 27 ہزار 466 پسٹلز، 2458 بندوقیں، 363 ریوالور اور 2 لاکھ کے قریب گولیاں شامل ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہی 2141 گینگز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4776 مجرمان گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں جاری آپریشنز کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے کو کرائم فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطرناک مجرمان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی