کمشنر مکران قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت ضلع پنجگور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا

جمعرات 18 ستمبر 2025 03:05

،تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) کمشنر مکران قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت ضلع پنجگور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع پنجگور کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرخون(آن لائن)، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مکران خالد حسین، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ آفتاب احمد، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نادر گچکی، ایکسئین بی اینڈ آر (بلڈنگ) رئیس عادل موسی، ایکسئین بی اینڈ آر (روڈ) ظریف احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ امید علی، ایس ڈی او اربن پلاننگ ظہیب اکرم، ٹاو ن پلاننگ آفیسر عبدالرو ف بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف محکموں کی جانب سے کمشنر مکران کو ضلع پنجگور کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمہ بی اینڈ آر نے جاری اسکیموں، سڑکوں اور چوراہوں کی تعمیر و مرمت، سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کی توسیع سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ بیشتر منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم چند حساس علاقوں میں سیکیورٹی مسائل کے باعث دشواریاں درپیش ہیں۔

کمشنر مکران نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ امن و امان سے متعلق مسائل ڈپٹی کمشنر پنجگور کے ساتھ مل کر حل کریں تاکہ منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور نے اس موقع پر تمام سول ورکس محکموں کو تعاون اور سیکیورٹی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے ضلع کی واٹر سپلائی اسکیموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سولر سسٹم پر چلنے والی تمام اسکیمیں فعال ہیں، جبکہ بجلی سے چلنے والی اسکیموں میں لوڈشیڈنگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ آبپاشی نے حفاظتی بندات اور کاریزات سے متعلق منصوبوں پر روشنی ڈالی، جبکہ لوکل گورنمنٹ اور اربن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے عوامی بہبود کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے منصوبوں کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں پر کام کرنے والی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور عوام ان کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکیں

متعلقہ عنوان :