Live Updates

سبزیوں کی پیداوارمیں اضافہ کیلئے کاشتکارٹنل میں سبزیوں کی بروقت کاشت کوفروغ دیں، ڈاکٹراشتیاق حسن

جمعرات 18 ستمبر 2025 14:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بدلتے موسمی حالات اور حالیہ سیلاب کے باعث سبزیوں کی ٹنل میں بر وقت کاشت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کاشتکار پنجاب میں موسم گرما کی سبزیوں کھیرا، ٹماٹر، مرچ، شملہ مرچ، گھیا کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، کریلہ، خربوزہ، تربوز اور ٹینڈی وغیرہ کی ٹنل میں کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

زرعی سائنسدان سبزیوں کے مقامی ہائبرڈ اقسام متعارف کروانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کر یں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایڈاپٹو ریسرچ اینڈ فارم ٹریننگ پنجاب ڈاکٹر اشتیاق حسن نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں سبزیات کی ٹنل میں کاشت کے پیداواری منصوبہ بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جاوید نے پیداواری منصوبہ ٹنل میں سبزیوں کی کاشت کے متعلق منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی سبزیوں کی ضروریات کو بروقت پورا کرنے اور متوازن غذا کی دستیابی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

سبزیوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی جن میں سبزیوں کی ٹنل میں کاشت شامل ہے کے ذریعے کاشکار کم رقبہ پر سبزیوں کی کاشت سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرسکتے ہیں اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے اپنی زرعی آمدن میں اضافہ کو ممکن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سبزیوں میں تمام ضروری غذائی اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو انسانی جسم کی نشوونما کیلئے بے حد ضروری ہیں۔

بیشتر سبزیاں ریشہ دار ہوتی ہیں جن میں وٹامن سی، مینگانیز اور فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے۔ سبزیوں کی کاشت دیگر فصلوں کے مقابلہ میں زیادہ منافع بخش ہے اور سبزیاں کم رقبہ سے زیادہ پیداوار دیتی ہیں۔ ماہرین سبزیات ڈاکٹر سعید احمد شاہ چشتی، سعدیہ سردار، اطلس امین اور ڈاکٹر وسیم عباس نے پیداواری منصوبہ اجلاس میں بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ سبزیات نے اپنے قیام سے ابتک سبزیوں کی 85 سے زائد اقسام متعارف کروائی ہیں جو کاشتکاروں میں بے حد مقبول ہیں۔

شعبہ سبزیات کے زرعی سائنسدان سبزیوں کے بہتر پیداواری صلاحیت کے حامل معیاری بیج کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے سبزیوں کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی کو بروے کار لاکر سبزیوں کی ٹنل کاشت کو مزید منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔سبزیوں کی ٹنل کاشت سے متعلقہ مسودہ میں ضروری ترامیم کے ساتھ منظوری دی گئی۔

مسودہ میں سبزیوں کی بیماریاں،نقصان دہ کیڑوں اور ان کے انسداد سے متعلق بھی سفارشات مرتب کی گئیں۔اجلاس میں ماہرین سبزیات ڈاکٹر سید سعید احمد شاہ چشتی، ڈاکٹر وسیم عباس، اطلس امین، سعدیہ سردار، نصرت پروین ماہرین حشرات، مصباح علی، ناظمہ دین، یاسر عمر، سائل سائنٹسٹ ندیم رضا کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ایڈاپٹو ریسرچ ہیڈکوارٹر لاہورڈاکٹر جاوید اقبا ل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد محمد اسحاق لاشاری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل صبا اکرم نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات