Live Updates

آئندہ 2 دنوں میں راولپنڈی، اسلا م آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے کا انتباہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 2 دنوں میں راولپنڈی، اسلا م آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ جمعرات کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق پشاور، کوہاٹ، بنوں، سرگودھا، فیصل آباداور ژوب ڈویژن میں وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

گڈو بیراج پر 5لاکھ کیوسک کے ساتھ درمیانے درجے کا بہاؤ ہے ، سکھر بیراج پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال کے ساتھ5لاکھ71کیوسک کا بہاؤ ہے۔ کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا بہاؤ البتہ ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ممکنہ بارشوں کی صورت میں پہاڑی نالوں / ہل ٹورنٹس کے بہاؤ میں بھی شدید اضافہ متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

تیز بہاؤ کی صورت میں شہری ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں۔سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات