سندھ ہائی کورٹ :چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی تقرری کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کوتفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے بیک وقت 2 سرکاری عہدے رکھنے سے متعلق چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی تقرری کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کوتفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں بیک وقت 2 سرکاری عہدے رکھنے سے متعلق چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل بیرسٹر علی زیدی نے موقف دیا کہ غلام حسین سوہو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں بطور گریڈ 19 کے افسر تعینات تھے۔ غلام حسین سوہو کو 3 سالہ مدت کے لئے چیئرمین میٹرک بورڈ تعینات کیا گیا. غلام حسین سوہو نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں ریٹائرمنٹ کی درخواست دیکر فوری طور پر چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔

(جاری ہے)

غلام حسین سوہو نے نیا عہدہ سنبھالنے کے لئے ریٹائرمنٹ کی منظوری کا انتظار بھی نہیں کیا۔

اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے غلام حسین سوہو کو تاحال ریلیو آرڈر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے 2 ماہ تک بیک وقت 2 اداروں سے تنخواہیں وصول کی ہیں۔ درخواستگزار نے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت اسٹبلشمنٹ ڈویژن سے متعلقہ ریکارڈ کی تفصیلات مانگیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ کی تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دی جائے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ کی تقرری کے معاملے پر شفاف انکوائری کا حکم دیا جائے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ تقرری کے نوٹیفکیشن کو درخواست پر فیصلہ ہونے تک معطل کیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے غلام حسین سوہو کو وفاقی حکومت نے کب ریلیو کیا یہ بھی بتایا جائے کہ غلام حسین سوہو کب تک تنخواہ اور دیگر مراعات حاصل کرتے رہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔