بلوچستان سے نفرتوں ،قبائلی دشمنیوں کے خاتمے ،بھائی چارے کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے،لالہ یوسف خلجی

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ،قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے صوبہ ترقی کی دوڑ میں دوسرے صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنی جانب سے قبائلی رہنماوںکے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی عشائیے میں قبائلی رہنماوں ملک عبدالباری کاکڑ،وطن گران ،سردار انور خان ناصر، حاجی خان محمد بڑیچ ،حاجی وقار خان ،حاجی باچا مہمند سمیت دیگر نے شرکت کی۔

لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں کی اپنی روایات ہے جس کے مطابق بلوچ ،پشتون اوردیگر قبائل آپس کی دشمنیاں قبائلی طریقے سے ختم کرتے چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں سیاست اورقبائلیت کو الگ الگ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہونی چاہئے تھی بلوچستان میں قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے وہ کلاشنکوف اٹھائے ہوئے ہیں جو کسی بھی طرح صوبے اور عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے سے نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے قبائلی عمائدین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جب تک ہم اپنی دشمنیاں ختم نہیں کریں گے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے ان قدرتی وسائل کو بروئے لاکر صوبہ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم صوبے سے نفرتوںاورقبائلی دشمنیوں کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے میں قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے ایک عرصے سے کام کر رہا ہے اور ابتک درجنوں قبائلی دشمنیوں کو صوبے کی بلوچ اور پشتون کے مطابق ختم کرکے قبائل کو آپس میں شیروشکر کرچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :