Live Updates

پاورچائنا نے جھنگ میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیاں تیز کر دیں

اب تک 150 افراد کو طبی معائنے، ادویات اور خوراک فراہم کی جا چکی، رپورٹ

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:32

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) معروف چینی کمپنی پاور چائنا نے پنجاب کے ضلع جھنگ میں شدید سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جہاں حالیہ تباہ کن سیلاب سے سینکڑوں دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابقکمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں جھنگ کو شدید سیلاب کا سامنا رہا،جس کے بعد پاورچائنا کے حویلی آپریشن اینڈ مینٹیننس (O&M) پراجیکٹ نے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

اب تک 150 افراد کو طبی معائنے، ادویات اور خوراک فراہم کی جا چکی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ پاورچائنا آئندہ بھی صورتحال پر قریبی نظر رکھے گی اور اپنی سماجی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے مقامی سطح پر امدادی کاموں میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

کمپنی کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری ( سی ایس آر) مہم کے تحت فری میڈیکل کیمپس اور کمیونٹی کے لیے غذائی امداد کی مہمات منظم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے مطابق، 26 جون سے جاری مون سون بارشوں کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں اب تک 300 افراد جاں بحق اور 661 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 28 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع جھنگ ان علاقوں میں شامل ہے جہاں سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے۔ 200 سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں، درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں اور کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق یاد رہے کہ جھنگ میں واقع حویلی بہادر شاہ کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ، جو 1,230 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، دنیا کے مؤثر ترین پلانٹس میں شمار ہوتا ہے۔ یہ منصوبہ پاور چائنا نے ای پی سی کنٹریکٹ کے تحت تعمیر کیا تھا، جو جولائی 2017 میں سنگل سائیکل اور مئی 2018 میں مکمل کمبائنڈ سائیکل آپریشن میں آیا۔ اس کا انتظام و انصرام پاور چائنا کی ذیلی کمپنی SEPCOIII کے پاس ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات