Live Updates

شیری رحمان نے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور ملازمین سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کو افسوسناک اور ظالمانہ قرار دیدیا

یوٹیلٹی اسٹورز قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا عوامی تحفہ اور فلاحی وڑن کی علامت تھے ، مہنگائی کے اس طوفان میں سستے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا عوام دشمنی ہے، بیان

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور ملازمین سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کو افسوسناک اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا عوامی تحفہ اور فلاحی وڑن کی علامت تھے ، مہنگائی کے اس طوفان میں سستے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا عوام دشمنی ہے ۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی زندگی مزید مشکل بنا رہی ہے ، ہزاروں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین تنخواہوں اور اعلان کردہ پیکج سے محروم ہیں ، 31اگست کو کیے گئے مالی پیکج کے اعلان پر تاحال کوئی عملی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ اپریل سے اگست تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی بے حسی کی واضح مثال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مالی پیکج کا صرف اعلان کافی نہیں، عملدرآمد نہ ہونا ریاستی وعدہ خلافی کی بدترین مثال ہے ۔ شیری رحمن نے کہاکہ 11ہزار سے زائد ملازمین کو بغیر کسی تحفظ یا پیکج کے فارغ کرنا ظالمانہ فیصلہ ہے، سبسڈی ختم کر کے حکومت نے غریب آدمی کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور اس فیصلے کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات