ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کیلئے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد

صفائی کے ہیروز کو گھر کی تعمیر کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:25

ھ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے لیے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت خصوصی آگاہی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ملازمین کو گھروں کی تعمیر کے لیے آسان قرضوں کے حصول اور سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ نے تقریب میں شرکت کی اور ورکرز سے خطاب کیا۔

بابر صاحب دین نے کہا کہ ورکرز کی سہولت کے لیے سہولت مراکز پر اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ صفائی کے ہیروز کو رہائش کے حصول میں زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کی جا سکے۔ مرزا ولید بیگ نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کے ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد ورکرز اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اب تک 77 ہزار سے زائد خاندان اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ 14 ہزار سے زائد خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر کے منتقل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ اخوت کے چیف کریڈٹ آفیسر شہزاد اکرم نے شرکا کو قرض کے حصول کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ورکرز نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھت کا خواب اب حقیقت بنتا نظر آ رہا ہے۔