تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو2025کا انعقاد صوبے میں لائیو سٹاک کی ترقی میں بہتر نتائج کا حامل ہوگا

صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے پشاور میں منعقدہ تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو2025 کے سٹالوں کا معائنہ کیا اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کو سراہا

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور میں منعقد ہونے والی تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو 2025 صوبے میں لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے بہترین نتائج فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ یہ صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ لائیو سٹاک، فشریز اور کوآپریٹیو کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسانوں، سرمایہ کاروں اور متعلقہ شعبوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو کے انعقاد سے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ صوبہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزپشاور میں تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو خیبرپختونخوا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو سٹاک اینڈ فشریز و ایم پی اے ملک عدیل اقبال ، ایم پی اے وچئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ اور ایم پی اے شفیع جان سمیت ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ایکسٹینشن ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ اعجاز علی، ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد شفیع مروت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس دو روزہ ایکسپو کا انعقاد حکومت خیبرپختونخوا، لائیو سٹاک سیکٹر اور لائیو سٹاک اینڈ پولٹری ویلفئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا گیا تھا جس کا مقصد لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور مویشی پال کسانوں کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز ایکسپو 2025 کے دوران لگائے گئے مختلف سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

صوبائی وزیر نے بہترین انتظامات اور شرکاء کی بھرپور دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو خیبرپختونخوا کے لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز کے شعبوں میں ایک تاریخی سنگ میل ہے جو نہ صرف صوبے کی معیشت کو استحکام دے گی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی نئے مواقع فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کے ذریعے صوبہ اور ملک دونوں کی لائیو سٹاک انڈسٹری کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔قبل ازیںصوبائی وزیر نے ایکسپو2025 میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کے معائنہ کے دوران اس پروگرام کے انعقاد میں منتظمین کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی ۔تقریب کے اختتام پر شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔