اسلام آباد میوزیم میں ڈیجیٹل امیرسو گیلری کا افتتاح

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) اسلام آباد میوزیم، محکمہ آثارِ قدیمہ و میوزیم میں ڈیجیٹل امیرسو گیلری کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حُذیفہ رحمان، چئیرپرسن قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت سیدہ نوشین افتخار، سیکرٹری اسد رحمان گیلانی، جمہوریہ کوریا کے ناظم الامور پارک جی لیک، کوریا ہیریٹیج ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کِم ڈونگہا، بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر بیک کیونگ ہوان، کوریائی ترقیاتی منصوبوں کے سربراہان، کوریا ہیریٹیج ایجنسی کے پروجیکٹ منیجر ڈاکٹر پارک ڈونگہی اور اُن کی ٹیم جبکہ محکمہ آثارِ قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل امان اللہ بھی شریک ہوئے۔

یہ گیلری کوریائی حکومت کے پانچ سالہ ترقیاتی تعاون منصوبے کے تحت قائم کی گئی ہے جس میں گندھارا تہذیب کے ورثے کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل امیرسو گیلری تاریخ کو زندہ کرتی ہے اور زائرین کو گندھارا تہذیب سے لے کر کوریائی خطے تک بدھ مت کے پھیلاؤ کی کہانی سناتی ہے۔ اس میں جدید تھری ڈی تصاویر کے ذریعے ہاتھ کے اشارے سے بدھ مت کے آثار دیکھے جا سکتے ہیں۔

ساتھ ہی پاکستان کے چھ عالمی ثقافتی ورثہ مقامات کو بھی نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ گیلری ماضی اور حال کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان و کوریا کے ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔منصوبے کے دوران حاصل کی گئی دیگر کامیابیوں میں 2022 میں پہلی جدید لیبارٹری کا قیام،125 سے زائد ماہرین اور طلبہ کی تربیت،جدید سائنسی آلات اور ڈرونز سے لیس تحقیقی مرکز کا قیام اور 185 مقامات کی دستاویز بندی،مانکیالہ اسٹوپا میں جدید کھدائی کا مظاہرہ اور عملی تربیت۔

جمہوریہ کوریا نے اس منصوبے کے دوسرے مرحلے (2026ء تا 2030ء) کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اسلام آباد شکرپڑیاں میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کلچرل ہیریٹیج ٹریننگ اینڈ ریسرچ قائم ہوگا۔ یہ ادارہ قومی ورثے کی تربیت، تحقیق اور عالمی تعاون کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ڈیجیٹل گیلری کا معائنہ کیا اور ٹیکنالوجی و تاریخ کے امتزاج کو بھرپور انداز میں سراہا۔