امریکا اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی میں شراکت داری معاہدہ طے پاگیا

نیا معاہدہ پہلے ہی نجی شعبے کے معاہدوں کی ایک لہر کو فروغ دینے میں مدد کر رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ اور کیئر اسٹارمر نے برطانیہ اور امریکا کے درمیان ایک نئی ٹیکنالوجی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)امریکا اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری معاہدہ طے پاگیا، ڈونلڈ ٹرمپ اور کیئر اسٹارمر نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیکرز میں امریکی صدر کے دورہ برطانیہ کے دوران دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی کے میدان میں شراکتداری معاہدہ طے پاگیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور کیئر اسٹارمر نے برطانیہ اور امریکا کے درمیان ایک نئی ٹیکنالوجی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ نیا معاہدہ پہلے ہی نجی شعبے کے معاہدوں کی ایک لہر کو فروغ دینے میں مدد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنی ایکس انرجی اور برطانوی کمپنی سینٹرکا برطانیہ بھر میں ایٹمی ری ایکٹرز لگانے کے لیے ایک معاہدے کا اعلان کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ( معاہدہ ) برسوں سے ’ہوا میں تھا‘ لیکن اب ’ آخرکار‘ حققیت بن گیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ برطانیہ اس سال کے شروع میں امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے والا پہلا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ممالک کے درمیان تعلقات بے حد قیمتی ہیں، یہ تعلق ایک خوبصورت وراثت ہے اور دونوں حکومتیں ان رشتوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا رہی ہیں۔’ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال پہلے امریکا سنگین مسائل میں گھرا ہوا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے بادشاہ نے ان سے کہا کہ آپ کا ملک ایک سال پہلے مٴْردہ تھا اور اب آپ کے پاس دنیا کا سب سے زیادہ متحرک ملک ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اس سال امریکا میں 17 کھرب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، ہم نے ٹیرف سے کھربوں ڈالر حاصل کیے ہیں اور وہ ہمارے ملک کے لیے ناقابلِ یقین حد تک فائدہ مند رہے ہیں۔’برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ’ امریکا برطانیہ کا سب سے بڑا واحد تجارتی شراکت دار ہے، دونوں معیشتوں میں 25 لاکھ سے زیادہ نوکریوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا ٹیکنالوجی، فنانس، دفاع اور توانائی جیسے شعبوں میں رہنمائی کر رہے ہیں۔کیئراسٹارمر نے کہا کہ یہ معاہدہ، برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے، جس میں ’ اٹلانٹک کے دونوں اطراف اربوں ڈالر کی آمدورفت’ ہوگی، اس معاہدے کا مطلب برطانیہ میں زندگی بدل دینے والی سرمایہ کاری ہے، جو ہزاروں محنت کشوں کو زیادہ خوشحال کرے گی۔امریکا کے ساتھ مئی میں طے پانے والے ٹیرف معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کیئراسٹارمر کہتے ہیں کہ اس وقت برطانیہ کو ’ کم ترین ٹیرف کے ساتھ سب سے بہترین معاہدہ’ ملا تھا۔