عوامی آگاہی کے فروغ کیلئے صوبائی محتسب سندھ اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) عوام کو درپیش مسائل کے حل کے طریقے کار سے متعلق آگاہی دینے کیلئے صوبائی محتسب سندھ اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے۔صوبائی محتسب سندھ اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب جمعرات کو صوبائی محتسب سندھ صدر دفتر میں منعقد ہوئی جبکہ غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے آگاہی مواد بھی صوبائی محتسب کے سپرد کیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایم او یو پر ڈی جی ون صوبائی محتسب سندھ نسیم الدین میرانی اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر محمد سلیم نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ہیلپنگ ہینڈز، صوبائی محتسب سندھ دفتر سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کی جانب سے صوبائی محتسب سندھ کے تمام 19 ضلعی ریجنل دفاتر کو 2600پینافلیکس اور 10ہزار اسٹیکرز بھی فراہم کیے گئے۔

اس موقع پر محمد سلیم نے شرکا کو آگاہ کیا کہ ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ 2005 سے کام کررہی ہے اور اس وقت 63 ممالک میں اس کا نیٹ ورک ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ادارے کا فوکس پاکستان ہے جہاں ہم ڈفرنٹلی ایبل افراد، یتیم اور دیگر مسائل پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب سندھ دفتر کے ساتھ شراکت داری انکے ادارے کے لیے باعث اعزاز ہے جبکہ عوامی شکایات کے مفت ازالے کی سہولت صوبائی محتسب کا بڑا اقدام ہے جس کی ہر صورت تشہیر لازمی ہے۔

اس موقع پر صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے عوامی فلاح و بہبود اور انصاف کی فراہمی کے لیے کام کررہے ہیں۔انہوں کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں اداروں کا تعاون عوام کے فائدے کا باعث بنے گا۔ بعدازاں ڈائریکٹر کلائمیٹ اینڈ ڈزاسٹر جسٹس یونٹ امداد حسین صدیقی نے ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ سامان وصول کیا۔

تقریب میں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت، سیکرٹری منصور عباس رضوی، ڈی جی ون نسیم الدین میرانی، ایڈوائزر ریحانہ جی علی میمن، رجسٹرار مسعود عشرت، ڈائریکٹر کلائمیٹ اینڈ ڈزاسٹر جسٹس یونٹ امداد حسین صدیقی، کنسلٹنٹ آئی ٹی اکمل نسیم، ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر محمد سلیم، ریجنل مینجر علی محمد پٹھان، ڈائریکٹر پروگرامز امجد محمود امجد و دیگر نے شرکت کی۔