ض*رحیم یارخان،ضلع بھر میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈآپریشن جاری

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:00

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء)ضلع بھر میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈآپریشن جاری‘ ضلع کونسل کی جانب سے متعدد غیرقانونی وغیرمنظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات پرضلع بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

چیف آفیسر ضلع کونسل کی زیرنگرانی بلڈنگ انسپکٹرز نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ضلع کے مختلف مقامات پر غیرقانونی وغیرمنظورشدہ ہاوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران احمدگارڈن سیم نالہ روڈ‘ سرینہ ہاوسنگ سکیم موضع سلطان پور‘رحمن کالونی سلطان پور‘ گرین ویلی سیم نالہ روڈ‘ حمزہ گارڈن سیم نالہ روڈ‘رائل زینت سیم نالہ روڈ‘ زینت گارڈن سیم نالہ روڈ‘ چوہدری محمدسلیم ٹاؤن‘ آصف ٹاؤن اور ملک خلیل ٹاؤن سیم نالہ روڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے سیلز دفاتر اورغیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا جبکہ ان ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلڈنگ انسپکٹرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ضلع بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا خاتمہ‘ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی منصوبے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ وہ صرف قانونی طور پر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی اسکیم کے بارے میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کی جانب سے ایسی غیرقانونی اورغیرمنظورشدہ ہاوسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا