سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور رجسٹری میں انسداد تشدد وانتہاپسندی کے موضوع پر پہلا سیمینار

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان، لاہور رجسٹری میں انسدادِ تشدد و انتہاپسندی کے موضوع پرایک اہم اور تاریخی سیمینار کا انعقاد ہوا۔ اس سیمینار کی قیادت رانا غلام سرور، نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کی جبکہ اس کے انعقاد میں جناب حمود الرحمن اعوان، ایگزیکٹو ممبر SCBAP کا کلیدی کردار رہا۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام تھا جس میں وکلاء، ماہرین تعلیم، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تمام شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف قانونی اور ادارہ جاتی ردعمل کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، پالیسی اینالسٹ/ریسرچر نے کلیدی خطاب میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تشدد و انتہاپسندی کے انسداد کے لیے قائم کیے گئے سینٹر آف ایکسیلنس (CoE) کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیغامِ پاکستان، دخترانِ پاکستان، ہم پاکستانی جیسے اقدامات کو اجاگر کیا، جس کا مقصد رواداری، امن، اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ممتاز مقررین میں شامل تھے ڈاکٹر افتخار بخاری، جنہوں نے انتہاپسندی کے نظریاتی پہلوؤں اور عوامی بیانیے کو مثبت سمت دینے میں تعلیمی اداروں کے کردار پر گفتگو کی۔حمود الرحمٰن اعوان، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، جنہوں نے آئینی ذمہ داریوں کے تحت امن اور شہری فرائض کے فروغ میں وکلاء کے کردار کو اجاگر کیا۔

چوہدری ذوالفقار علی ہرگان، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، جنہوں نے انتہاپسندی کے خلاف قوانین کے نفاذ میں عدلیہ کے کردار کو نمایاں کیا۔رانا غلام سرور، جنہوں نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قومی معاشرتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔سیمینار کا اختتام پر کلیدی مقررین کو قومی امن و استحکام کے فروغ میں کردار کے اعتراف میں یادگاری سووینیر پیش کیے گئے۔ مقررین نے اس موقع پر SCBAP لاہور رجسٹری، خصوصاً جناب حمود الرحمٰن اعوان کی قیادت کو سراہا، جن کی کاوشوں سے یہ بامقصد اور بروقت سیمینار ممکن ہو سکا۔ یہ سیمینار قومی بیانیے میں پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف ایک کامیاب قدم کے طور پر یاد رکھانجائے گا۔