انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کا متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 19 ستمبر 2025 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ورکشاپ میں عالمی معیار کے مطابق تیار کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹس مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) اور وہیلنگ آکشن فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا ،جس کا مقصد پاکستان کے توانائی شعبے کو مزید شفاف، مؤثر اور مسابقتی بنانا ہے تاکہ صارفین کو سستی بجلی میسر آ سکے۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے حکومت کی شعبہ جاتی اصلاحات کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی بی سی ایم نہ صرف نئی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا بلکہ قابلِ تجدید توانائی کے انضمام میں مددگار ثابت ہوگا، صنعتی صارفین کو وہیلنگ انتظامات سے بااختیار بنائے گا اور توانائی کے شعبے کی مجموعی گورننس کو بہتر کرے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آنے والے وہیلنگ آکشنز میں 800 میگاواٹ کی طلب شفاف طریقے سے مارکیٹ شرکاء کو مختص کی جائے گی، اس اقدام کے ذریعے صنعتی اور بڑے صارفین کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ مسابقتی نرخوں پر براہِ راست بجلی خرید سکیں جس سے لاگت میں کمی، بجلی کی فراہمی میں بہتری اور پاکستان کی صنعتی مسابقت کو مزید تقویت ملے گی۔ ورکشاپ میں آئی ایس ایم او کے حکام نے سی ٹی بی سی ایم کی اہم تفصیلات پیش کیں جن میں مارکیٹ شرکاء کی رجسٹریشن، کنٹریکٹ رجسٹریشن، استعداد کی ذمہ داریاں، اور عدم توازن و مارجنل پرائسز کے انتظامات شامل تھے۔

ورکشاپ میں سپلائر رولز میں ترامیم، نیشنل الیکٹریسٹی پلان اور منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کے لئے نیلامی کے رہنما اصولوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ سوال و جواب کے سیشنز میں آئی ایس ایم او حکام اور دیگر ماہرین کے ساتھ تکنیکی و ریگولیٹری پہلوؤں پر براہِ راست بات چیت کی گئی۔ ’’سی ٹی بی سی ایم ۔مواقع اور چیلنجز‘‘کے عنوان سے منعقدہ پینل ڈسکشن میں ریگولیٹرز، بجلی کے شعبے کے ماہرین اور صارفین کے نمائندے شریک ہوئے۔

اس مکالمے میں وہیلنگ کے جدید تکنیکی پہلوؤں، بڑے صنعتی صارفین کی ضروریات، برآمدی صنعتوں کے لئے مواقع اور شفافیت کو یقینی بنانے کے طریقۂ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورکشاپ میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی رائے پیش کرنے کے مساوی مواقع فراہم کئے گئے جس سے مارکیٹ کی مشاورتی ترقی کے لئے آئی ایس ایم او کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔یہ تقریب پاکستان کے بجلی کے شعبے کو جدید، مسابقتی اور شفاف بنانے کی جدوجہد میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے جہاں سی ٹی بی سی ایم کو عالمی معیار کے مطابق بنیادی اصلاحات کا ستون قرار دیا جا رہا ہے۔