ڈویژن میں تمام ترقیاتی سکیموں کی منظوری شفافیت اور میرٹ پر دی جا رہی ہے،کمشنر فیصل آباد

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ڈویژن میں تمام ترقیاتی سکیموں کی منظوری شفافیت اور میرٹ پر دی جا رہی ہے،افسران تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام ان منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔یہ بات انہوں نے ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ایڈیشنل کمشنر کنسولیڈیشن آصف چوہان اور ڈی ڈی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید اولکھ شریک تھے جبکہ ڈپٹی کمشنرز جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شمولیت کی۔ محکمہ ہائی وے، بلڈنگز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مجموعی طور پر9 ترقیاتی سکیمیں پیش کی گئیں جن میں سے گوجرہ کی ایک سکیم کو موخر جبکہ 8 سکیموں کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

منظور کی جانے والی سکیموں میں فیصل آباد کی6 اور جھنگ کی 2 سکیمیں شامل ہیں۔ترقیاتی سکیموں میں سڑکوں اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں جن میں پل ڈیانہ تا پل کپوری6.15 کلومیٹر طویل سڑک، 19 کروڑ 75 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کی گئی۔ اسی طرح راجباہ اوا گت کنال روڈ تا کھرڑیانوالہ اور جڑانوالہ روڈ تا کھرڑیانوالہ42 کلومیٹر طویل سڑک کیلئے40 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

تحصیل تاندلیانوالہ میں ستیانہ جھامرہ روڈ9.50 کلومیٹر،38 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی جبکہ چک نمبر217 ج ب تا چک نمبر213 تک 6.5 کلومیٹر طویل سڑک کیلئے 38 کروڑ 62 لاکھ روپے مختص کئے گئے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کمپلیکس جڑانوالہ کی تعمیر کیلئے 12 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔پنجاب سٹی پروگرام کے تحت جڑانوالہ شہر میں سڑکوں اور چوکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے 36 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

اس کے علاوہ ریجنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی توسیع کیلئے20 کروڑ 72 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج کے بی ایس بلاک کے فرنیچر کی خریداری کیلئے مدت میں توسیع دی گئی۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔دریں اثنا فیصل آباد میں ساندل بار میراتھن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ نے بریفنگ دی جبکہ سابق اولیمپیئن محمد بشیر سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ ساندل بار میراتھن12،اکتوبر کو منعقد ہوگی جو10 کلو میٹر کے فاصلے پر مشتمل ہوگی۔ میراتھن میں خواتین اور مرد کھلاڑی شریک ہوں گے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ میراتھن صحت مند معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ ہے،فیصل آباد میں میراتھن کے انعقاد سے صحت مند طرزِ زندگی کا شعور اجاگر ہوگا اور مقامی و قومی سطح پر کھیلوں کے کلچر کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں فیصل آباد کی پہچان مزید نکھر کر سامنے آئے گی۔کمشنر نے شہریوں کو ساندل بار میراتھن میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، ساندل بار میراتھن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔