Live Updates

صوبائی وزرا کا مظفرگڑھ کے سیلاب متاثرہ دیہات کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر مظفرگڑھ اور جلال پور پیر والا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات میں غیر معمولی تیزی آئی ہے اور متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام محکمے پوری طرح متحرک ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق صہیب بھرتھ، کاظم پیرزادہ اور دیگر وزارتی ٹیموں نے مظفرگڑھ کے آٹھ سیلاب متاثرہ دیہات بشمول بستی کنڈالہ کوٹلہ آگر بیٹ نور والا لال والا ٹبہ برڑا اور بیٹ چنہ میں امدادی سرگرمیوں کا براہ راست جائزہ لیا اور امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کی۔

متاثرین میں خشک راشن صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی گئیں جبکہ مویشیوں کے لیے بھی صاف پانی اور ونڈہ فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارتی ٹیم کی آمد پر متاثرین نے پرجوش خیر مقدم کیا اور تالیاں بجا کر حکومت پنجاب اور وزیراعلی پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔ متاثرین نے کہا کہ مریم نواز نے علی پور کے لوگوں کا بڑا خیال رکھا ہے ہمیں یقین ہے کہ وہ ہمیں گھر بنا کر دیں گی، نواز شریف نے ہمارا بند بنایا تھا اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی بیٹی علی پور کا بند مکمل کرے گی۔

مریم نواز نے نواز شریف کی طرح ہمارا خیال رکھا ہے جس پر ہم شکر گزار ہیں ۔جلال پور پیر والا شہر کو سیلابی ریلوں سے محفوظ رکھنے کے لیے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر تکنیکی کمیٹی کا مسلسل دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق صہیب بھرتھ کاظم پیرزادہ چیئرمین این ایچ اے پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محکمہ زراعت کے افسران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلابی پانی کی سطح میں نمایاں کمی آرہی ہے اور صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے بہتر حالات کے پیش نظر تکنیکی کمیٹی نے موٹر وے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ کمیٹی نے جلال پور پیر والا شہر موٹر وے سائٹ دمر والا کھروڑہ فاضل اور مڈوالہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور حفاظتی پشتوں ریسکیو سرگرمیوں اور امدادی سامان کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کی ذاتی نگرانی میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے نتیجے میں سیلابی نقصانات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بحالی کا عمل پانی اترنے کے فورا بعد شروع کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے جس محنت لگن اور خلوص سے کام کیا ہے وہ مثالی اور تاریخی ہے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب سول ڈیفنس سی اینڈ ڈبلیو فاریسٹ اور وائلڈ لائف کے ورکرز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلی نے تمام ٹیموں کے لیے شاباش اور حوصلہ افزائی کا خصوصی پیغام بھیجا ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کے دوران دن رات خدمات انجام دینے والوں کو انعام بھی دیا جائے گا ۔کسی جان کو بچانا کار ثواب ہے سینکڑوں اور ہزاروں جانیں بچانے کا اجر صرف اللہ تعالی ہی جانتا ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی سب کی خدمت کو قبول فرمائے اور سیلاب زدگان کو اس آزمائش سے نجات عطا فرمائے۔ مظفرگڑھ کے علاقے بیٹ ملاں والی اور عظمت پور میں فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی قائم کر دی گئی ہے جہاں متاثرین کو پناہ خشک راشن اور صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے مویشیوں کے لیے ونڈہ اور پانی کی فراہمی بھی جاری ہے یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت پنجاب وزیراعلی کی قیادت میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات