انجینئرز کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار، پاک سعودی دفاعی معاہدہ خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا،وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال

ہفتہ 20 ستمبر 2025 16:00

انجینئرز  کا ملکی ترقی میں   کلیدی کردار، پاک سعودی دفاعی معاہدہ خطے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ خطے کی ترقی کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، پاکستانی انجینئرز ملک کے اصل معمار ہیں،ملکی ترقی میں ان کا کلیدی کردارہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اس کا سہرا بھی انجینئرز کے سر ہے، ماضی میں جیسے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے ذریعے ترقی کی راہیں کھلیں، اسی طرح حالیہ پا ک سعودی معاہدہ ایک سنگِ میل ثابت ہوگا،معرکہ حق کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کانام بلند ہوا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو یہاں فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹی ٹیوشنز آف پاکستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجینئر امیر ضمیر احمد خان ، انجینئر محمد عثمان فاروق، انجینئر طاہر بشارت چیمہ ، انجینئر سروش حشمت لودھی اور انجینئر قسیم قریشی سمیت ملک بھر سے آئے انجینئر ز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ معرکہ حق کے بعداب پاکستان کو معرکہ ترقی اور انوویشن جیتنا ہے، اگر ہم نے ایک میٹر کی بجائے ایک ہزار میٹر کی دوڑ جیتنی ہے تو اس کے لیے معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا اور اپنی مصنوعات کو عالمی معیار تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جانے کی ذمہ داری بھی انجینئرز پر عائد ہوتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچائو، واٹر سکیورٹی اور فوڈ چین کے تحفظ کے لیے بھی انجینئرز کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو اس طرح مضبوط بنانا ہوگا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم سے کم ہوں۔ بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں ہر سال قدرتی آفات آنے کے باوجود نقصانات کی شرح بہت کم ہے لہذا پاکستان میں بھی یہی ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔پاور سیکٹر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی اصلاح کی کنجی بھی انجینئرز کے پاس ہے، اربوں روپے کے بلیک ہولز کو ختم کرنا ہوگا تاکہ سرکلر ڈیٹ پر قابو پایا جا سکے اور یہ وسائل تعلیم و صحت پر خرچ کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی انجینئرنگ برادری کا کردار کلیدی ہے، صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب برپا ہو رہا ہے، ہر شعبہ انجینئرز کے گرد گھوم رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ انجینئرنگ انسٹی ٹیوشنز کو پاکستان کی ترقی کا چیمپئن بننا ہوگا، ہماری وزارت پل کا کردار ادا کرے گی تاکہ انجینئرز کی تمام سفارشات کو پالیسی میں شامل کیا جا سکے، ہم اپنے سفر کو کریش نہیں ہونے دیں گے بلکہ ترقی یافتہ ملکوں سے آگے نکلنے کا ہدف حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خواب ہے کہ2047 تک ملک تین ٹریلین ڈالر کی معیشت بنے اور اس مقصد کے لیے نوجوانوں کو اونرشپ دینا ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ2047 ''نالج لیپ'' منصوبے کا جلد آغاز کیا جائے گا جس کا روڈ میپ نوجوانوں کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا تاکہ پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر مالیاتی و معاشی عدم استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے رکا لیکن اب ملک میں سیاسی عدم استحکام کی کوئی گنجائش نہیں ، ملک وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرقیادت ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ، پاکستان کے تمام اداروں کو مسلح افواج کی پشت پر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ ترقی کے بیج پھل بن سکیں۔

سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ خطے کی ترقی کےلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔\932