ہیلپر آئی ہسپتال کوئٹہ میں کارنیا ٹرانسپلانٹ اور جدید سہولیات کی فراہمی کردی گئی

ہفتہ 20 ستمبر 2025 18:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء) میڈیکل سپریٹینڈنٹ ہیلپر آئی ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی نے کہا ہے کہ ہسپتال میں مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق آنکھوں کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومتِ بلوچستان کے وژن کے مطابق، یہاں کارنیا ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولت متعارف کروائی گئی ہے تاکہ ایسے مریض جو بصارت کھو چکے ہیں انہیں دوبارہ روشنی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سہولت بلوچستان کے عوام کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے اور اس سے مریضوں کو دوسرے صوبوں یا بیرونِ ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جاری اصلاحات کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبے میں پہلی بار ڈیجیٹل فارمیسی کا نظام بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے ذریعے مریضوں کو معیاری اور مستند ادویات بروقت فراہم ہوں گی اور جعلی ادویات کی روک تھام ممکن ہوگی۔

ہر نسخہ آن لائن رجسٹر ہونے سے شفافیت اور مریضوں کی صحت میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلپر آئی ہسپتال میں جدید مشینری، ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی، اور کارنیا ٹرانسپلانٹ جیسی سہولیات بلوچستان میں صحت کے شعبے کو ایک نئے دور میں داخل کر رہی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ کسی مریض کو علاج کے لیے صوبے سے باہر نہ جانا پڑے اور انہیں اپنے گھر کے قریب معیاری سہولیات میسر ہوں۔