چکوٹھی بازار میں انجمن تاجران کی ایک اہم میٹنگ زیر صدارت صدر شبیر عباسی منعقد

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:46

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء)چکوٹھی بازار میں انجمن تاجران کی ایک اہم میٹنگ زیر صدارت صدر شبیر عباسی منعقد ،29ستمبر کے روز شٹر ڈائون کی ہڑتال کرنے یا نہ کرنے پر سرحدی قصبہ چکوٹھی کے تاجر دو حصوں میں تقسیم ہو گئے ، دوکانیں بند کرنے یا کھلی رکھنے کاحتمی فیصلہ دو دن بعد کیے جانے کا امکان۔

(جاری ہے)

شبیر عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ چکوٹھی کی تاجر برادری ہڑتال کی حمایت کرے گی اور 29 ستمبر کو دکانیں بند رکھ کر عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں شامل ہوگی، تاہم اسی دوران سینئر نائب صدر انجمن تاجران چکوٹھی راجہ قاصد نے اجلاس میں شریک ہوکر موقف اختیار کیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی اپنے پروگرام میں پاکستانی پرچم لہرائے گی تو ہم ان کے ساتھ شامل ہوں گے،اس پر صدر شبیر عباسی نے کہا کہ یہ خالصتاً آزاد کشمیر کا معاملہ ہے، اس میں آزاد کشمیر کے ہی پرچم لہرائے جائیں، اس بات پر اجلاس میں تنازع کھڑا ہو گیا، راجہ قاصد نے کہا کہ ایک طرف عوامی ایکشن کمیٹی یہ کہتی ہے کہ ہم پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف نہیں، تو پھر پاکستانی پرچم سے گریز کیوں کیا جا رہا ہی اس بحث و مباحثے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے حتمی اعلان دو دن بعد کیا جائے گا۔