وفاقی وزیر صحت کا اقدام ویکسین کے خلاف ہر منفی پراپیگنڈے کا بہترین جواب ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر انہوں نے نہ صرف بطور والد اس قومی صحت مہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے بلکہ بطور رہنما قوم کو یہ یقین بھی دلایا ہے کہ ہماری بیٹیوں کی صحت سب سے مقدم ہے ۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت کا یہ اقدام ویکسین کے خلاف ہر منفی پراپیگنڈے کا بہترین جواب ہے اور اس سے عوام کو حوصلہ اور اعتماد ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کے فروغ کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت قابلِ فخر ہے اور ان کے عملی اقدامات اس عزم کی غمازی کرتے ہیں کہ قوم کی آئندہ نسلوں کو صحت مند مستقبل دیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بچوں کو ویکسین لگوانا نہ صرف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ ایک محفوظ اور صحت مند معاشرے کی بنیاد بھی ہے ۔ میر سرفراز بگٹی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔