ایران کا جوہری توانائی کی بیان الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا اعلان

اتوار 21 ستمبر 2025 11:10

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) ایران نے جوہری توانائی کی بیان الاقوامی ایجنسی (آئی اے ای اے )کے ساتھ تعاون معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل نےاس حوالہ سے باضابطہ بیان جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے آئی اے ای اے کے ساتھ خیرسگالی اور نیک نیتی پر مبنی تعاون اور وزارت خارجہ کی جانب سے ایران کے ایٹمی پروگرام بارے میں متعدد حل پیش کیے جانے کے باوجودای تھری کے نام سے تین یورپی ملکوں (برطانیہ، جرمنی اور فرانس)نے دوسرا راستہ اختیار کیا ہے لہذا فطری اور عملی طور پر آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل ہوجائے گا۔

اعلی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں علاقے کی صورتحال اوراسرائیلی حکومت کی مہم جوئی پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران اپنی اصولی پالیسی کے تحت فی الحال علاقے میں قیام امن اور استحکام کے لیے تعاون پر مرکوز رہے گا۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کو بھی اس کونسل کے فیصلوں کے تحت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتکاری جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تا س کے مطابق 28 اگست کو، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کو بحال کرنے کے لیے سنیپ بیک میکانزم کا آغاز کیا۔ جمعہ کو سلامتی کونسل نے ایران کے خلاف پابندیوں کو بحال نہ کرنےکے مطالبے پر مبنی قرارداد کو مسترد کر دیا۔ روس، چین، الجزائر اور پاکستان نے قرارداد کی حمایت کی۔ امریکا ، برطانیہ اور فرانس سمیت 9 ارکان نے اس کے خلاف ووٹ دیا جبکہ دو ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔