برطانیہ آج اتوار کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، برطانوی میڈیا

DW ڈی ڈبلیو اتوار 21 ستمبر 2025 14:00

برطانیہ آج اتوار کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، برطانوی میڈیا
  • برطانیہ آج اتوار کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، برطانوی میڈیا

ادارت: کشور مصطفیٰ، عدنان اسحاق


برطانیہ آج فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، برطانوی میڈیا

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق، برطانیہ آج اتوار 21 ستمبر کو باضابطہ طور پر ایک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔ یہ برطانوی پالیسی میں ایک تاریخی تبدیلی ہے اور جس کی اس کے دیرینہ اتحادی اسرائیل نے بھرپور مخالفت کی ہے۔

تاریخی طور پر، برطانیہ اسرائیل کا ایک مضبوط حامی رہا ہے، لیکن اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں اور اس کے حملوں میں شدت کی وجہ سے اس نے اپنا مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔ ان حملوں کے سبب فلسطینی علاقے غزہ پٹی کو شدید تباہی، ہلاکتوں، اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بڑا انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)


برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے جولائی میں کہا تھا کہ اگر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر میں منعقد ہونے تک اسرائیل حماس کے ساتھ جنگ بندی کے لیے ’’ٹھوس اقدامات‘‘ نہیں کرتا تو برطانیہ باضابطہ طور پر ریاست فلسطین کو تسلیم کر لے گا۔

اسٹارمر نے مزید کہا تھا کہ اس اقدام سے ’’دو ریاستی حل کے لیے اہم ترین وقت پر، ایک مناسب امن عمل میں اپنا حصہ ڈالنے‘‘ میں مدد ملے گی۔
اسٹارمر کے اس اعلان کے جواب میں، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ان پر ’’بھیانک دہشت گردی‘‘ کو انعام دینے اور ’’جہادی‘‘ نظریے کو خوش کرنے کا الزام لگایا۔


بی بی سی اور پریس ایسوسی ایشن سمیت متعدد برطانوی میڈیا اداروں نے اطلاع دی ہے کہ اسٹارمر آج اتوار کو اس تسلیم کا اعلان کریں گے۔
یہ ممکنہ اعلان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل کیا جا رہا ہے، جہاں برطانیہ کے G7 پارٹنر فرانس سمیت تقریباً 10 دیگر ممالک بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ہیں۔
گزشتہ روز پرتگال کی وزارت خارجہ کی طرف سے بھی اعلان کیا گیا کہ یہ یورپی ملک بھی آج اتوار کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گاْ
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسرائیل غزہ پٹی کے سب سے بڑے شہری مرکز غزہ سٹی پر قبضے کے لیے اپنے نئے حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جہاں اقوام متحدہ نے قحط کا اعلان کر رکھا ہے۔


غزہ جنگ کا آغاز سات اکتوبر 2023 کو فسلطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوا تھا جس کے نتیجے میں 1,219 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
اسرائیل کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں کم از کم 65,208 فلسطینی مارے جا چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ یہ اعداد وشمار غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ہیں جنہیں اقوام متحدہ قابل اعتماد سمجھتا ہے۔