اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 21 ستمبر 2025ء) اسرائیل کا قیام 1948 میں عمل میں آیا تھا اور تب سے آج تک اس کی خطے کی عرب ریاستوں کے ساتھ نہ صرف متعدد جنگیں ہو چکی ہیں، بلکہ جن ممالک کے ساتھ اسرائیل نے امن معاہدے کیے بھی، ان کے ساتھ بھی روابط کو ماہرین ''سرد امن کے ادوار‘‘ کا نام دیتے ہیں۔
اس بات سے قطع نظر کہ اب تک کتنی عرب ریاستیں اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کر چکی ہیں، عرب اسرائیلی روابط مسلسل کئی طرح کے زیر و بم کا شکار رہے ہیں۔
اس کے علاوہ کئی اہم عرب ریاستوں کے فلسطینی رہنماؤں کے ساتھ تعلقات بھی کافی مشکل اور پیچیدہ رہے ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر مشرق وسطیٰ میں دیرپا استحکام کی کوششیں آج تک نہ تو آسان رہیں اور نہ ہی زیادہ کامیاب۔
(جاری ہے)
مصر
مصر سب سے زیادہ آبادی والا عرب ملک ہے، جو 1948، 1956، 1967 اور پھر 1973 میں اسرائیل کے ساتھ جنگیں لڑ چکا ہے۔ لیکن مصر وہ پہلی عرب ریاست بھی تھا، جس نے 1978 میں امریکہ میں کیمپ ڈیوڈ کے مقام پر اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کیا تھا۔
اس معاہدے پر دستخط کرنے والے مصری صدر انور سادات کو تین سال بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق یہ امن معاہدہ مصری عوام میں آج بھی انتہائی غیر مقبول ہے، لیکن یہ اب قاہرہ کی خارجہ اور سلامتی امور کی پالسیوں کا اہم حصہ ہے اور مصر کے امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے ناگزیر بھی۔اسرائیل اور مصر آپس میں تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون کرتے ہیں، لیکن دیگر شعبوں میں دونوں کے مابین تجارت بہت کم ہے۔
قاہرہ حکومت نے اسرائیلی اور امریکی سیاست دانوں کے ان بیانات کی شدید مذمت کی تھی کہ جنگ زدہ غزہ پٹی کی فلسطینی آبادی کو وہاں سے نکال کر جزوی طور پر مصر میں سینائی کے علاقے میں آباد کیا جانا چاہیے۔اردن
اردن 1994 میں اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ امن معاہدہ کرنے والا دوسرا عرب ملک بن گیا تھا۔ یہ وہ عرب ملک بھی ہے، جس کے فلسطینیوں کے ساتھ سب سے قریبی تعلقات ہیں۔
کچھ اندازوں کے مطابق اردن کی نصف سے زائد آبادی فلسطینی ہے، جس میں سے زیادہ تر ان فلسطینی مہاجرین کی موجودہ نسل کے افراد ہیں، جو 1948 میں اسرائیلی ریاست کے قیام کے وقت یا تو وہاں سے نکال دیے گئے تھے یا رخصتی پر مجبور ہو گئے تھے۔ویسٹ بینک کے فلسطینی علاقے اور مشرقی یروشلم کا انتظام 1948 سے لے کر 1967 کی عرب اسرائیلی جنگ تک اردن ہی کے پاس تھا۔
اس جنگ کے دوران اسرائیل نے ان فلسطینی علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے کر ان پر باقاعدہ قبضہ کر لیا تھا۔ اردن کے موجودہ حکمران شاہ عبداللہ ہیں اور ان کا ہاشمی شاہی خاندان 1924 سے یروشلم میں مسلمانوں اورمسیحیوں کے مقدس مذہبی مقامات کا محافظ اور نگران چلا آ رہا ہے۔مصر کی طرح اردن کے لیے بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ اس کی خارجہ سیاست اور سکیورٹی پالیسی کا انتہائی اہم حصہ ہے اور امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کلیدی اہمیت کا حامل بھی۔
تاہم اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر اردن میں پایا جانے والا عوامی غصہ بہت عام ہے اور اس میں غزہ پٹی کی جنگ کی وجہ سے شدت آ چکی ہے۔متحدہ عرب امارات
خلیج کی یہ عرب ریاست 2020 میں کئی دیگر عرب ممالک کے مقابلے میں اس طرح آگے نکل گئی کہ تب اس نے اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کر لیے تھے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) وہ پہلا ملک تھا، جس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں اور انہی کی ثالثی میں ''ابراہیمی معاہدوں‘‘ پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے باعث اسرائیل اور یو اے ای کو ایک دوسرے کے ساتھ اس سلسلے میں قریبی اشتراک عمل سے کام کرنے کا موقع ملا کہ وہ شیعہ اکثریتی ایران اور اسلام پسند سنی عسکریت پسند گروپوں کے باعث لاحق خطرات کا مقابلہ کر سکیں۔ اس معاہدے کو اس خلیجی ریاست نے اپنی معیشت اور اپنے علاقائی کردار دونوں کے لیے بہتر قرار دیا تھا۔یو اے ای نے ہمیشہ کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کا مقصد ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کی منزل کی طرف آگے بڑھنا تھا۔ لیکن یہ ایک ایسا مقصد ہے، جس کے لیے غزہ کی جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور ان میں تیز رفتار توسیع مسلسل بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔
اسرائیل کے قطر پر فضائی حملے نے قطر کی اس ہمسایہ ریاست کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو ایک نئے امتحان میں ڈال دیا۔بحرین، سوڈان اور مراکش
متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے فیصلے کے کچھ ہی دیر بعد ایک اور خلیجی ریاست بحرین نے بھی ایسا ہی کیا۔ مراکش نے بھی، جس کے اسرائیل کے ساتھ پہلے ہی سے تعلقات تھے، ''ابراہیمی معاہدوں‘‘ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس کے جواب میں امریکہ نے مغربی صحارا کے متنازعہ علاقے پر مراکش کی حاکمیت کو تسلیم کر لیا۔ سوڈان وہ چوتھا ملک تھا، جس نے ''ابراہیمی معاہدوں‘‘ میں شرکت کی لیکن وہ اپنے ہاں خانہ جنگی شروع ہو جانے کے باعث اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کو داخلی طور پر باقاعدہ قانونی شکل نہ دے سکا۔سعودی عرب
اسلامی دنیا کے دو مقدس ترین مذہبی مقامات کا محافظ سعودی عرب ہمیشہ سے خود کو فلسطینیوں کے حقوق کے چیمپئن کے طور پر پیش کرتا رہا ہے، لیکن ساتھ ہی اس نے مستقبل میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے دروازے کو بھی عشروں سے کھلا ہی رکھا ہے۔
2000 میں سعودی عرب نے دیگر عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر ایک ایسی عرب امن پیش رفت کے لیے کام کیا، جس کے تحت اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کیے جا سکتے تھے، لیکن شرط یہ تھی کہ فلسطینیوں کی ایک ایسی ریاست عملاﹰ قائم ہو جائے، جس کا دارالحکومت یروشلم ہو اور جہاں لوٹنے کا فلسطینی مہاجرین کو حق حاصل ہو۔حالیہ برسوں میں سعودی عرب خلیج کے علاقے میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دیا لیکن پھر غزہ پٹی کی جنگ اور حال ہی میں سعودی عرب کے خلیجی اتحادی قطر پر اسرائیلی فضائی حملے نے ان امکانات کو اتنا تاریک کر دیا، جتنے وہ پہلے کبھی نہیں تھے۔
شام
اسرائیل نے شام میں گولان کی پہاڑیوں کا زیادہ تر علاقہ 1967 کی جنگ میں اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور پھر 1981 میں اس کے اسرائیلی ریاستی علاقے میں انضمام کا اعلان کر دیا تھا۔ جب تک شام میں اسد خاندان اقتدار میں رہا، اسرائیل کے بڑے علاقائی حریف ملک ایران کے ایک قریبی حلیف کے طور پر شام اور اسرائیل کے مابین دشمنی کی فضا باقی رہی۔
طویل خانہ جنگی کے دوران اسرائیل نے شامی علاقے میں ایرانی اہداف پر بار بار فضائی بمباری کی۔ شامی صدر بشار الاسد کی دسمبر 2024 میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد اسرائیل شام میں عسکری اثاثوں پر اپنے فضائی حملے تیز تر کر چکا ہے اور اس دوران اس نے نہ صرف جنوبی شام میں اپنے فوجی دستے بھیج دیے بلکہ ساتھ ہی ماؤنٹ ہیرمون یا عربی میں جبل الشیخ کہلانے والے شامی علاقے پر قبضہ بھی کر لیا۔
لبنان
لبنان بہت سے فلسطینی مہاجرین کا گھر ہے اور وہ 1970 کی دہائی سے تنظیم آزادی فلسطین یا پی ایل او کا میزبان بھی رہا ہے۔ اسرائیل کی پی ایل او کے ساتھ بار بار جھڑپیں ہوتی رہی ہیں اور اسی لیے اس نے اس جھڑپوں کے دوران 1978 اور پھر 1982 میں لبنان میں فوجی مداخلت بھی کی تھی۔ اسرائیل 1990 تک جنوبی لبنان پر قابض بھی رہا تھا۔
لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ اسرائیل کی سرحدوں پر اس کی مرکزی دشمن بن کر ابھری تھی۔
لیکن پھر غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد گزشتہ برس اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین جنگ بھی ہوئی، جس میں حزب اللہ کو شدید عسکری نقصان پہنچا اور بعد میں اسے ایک ایسے جنگ بندی معاہدے پر راضی ہونا پڑا، جو اس کے لیے آسان بالکل نہیں تھا۔عراق
اسرائیل نے 1981 میں بمباری کر کے عراق کا جوہری ری ایکٹر تباہ کر دیا تھا۔ جب سے غزہ کی جنگ شروع ہوئی ہے، اسرائیل عراقی ریاستی علاقے میں ایران نواز مسلح گروپوں پر کئی بار فضائی حملے کر چکا ہے۔
یمن
یمن میں ایران نواز حوثیوں کے گروپ نے غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد 2023 سے لے کر اب تک اسرائیل پر کئی مرتبہ میزائلوں اور ڈرونز کے ساتھ حملوں کی کوششیں کی ہیں۔ ان کے جواب میں اسرائیل یمن میں حوثیوں کی قیادت اور ان کے عسکری ٹھکانوں پر کئی بار فضائی حملے کر چکا ہے۔
ادارت: افسر اعوان، کشور مصطفیٰ