سیالکوٹ،میرا پیارا ٹیم کی کاوش سے بچھڑی ہوئی خاتون سات ماہ بعد اپنے خاندان سے مل گئی

اتوار 21 ستمبر 2025 15:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) سیف سٹی سیالکوٹ کی "میرا پیارا" ٹیم نے ایک اور کامیاب مثال قائم کرتے ہوئے نارووال کی رہائشی خاتون مسرت کو سات ماہ بعد ان کے خاندان سے ملا دیا۔ترجمان سیف سٹی سیالکوٹ کے مطابق مسرت ذہنی معذوری کے باعث اپنا گھر بھول کر سیالکوٹ میں امت ویلفیئر فاؤنڈیشن میں مقیم تھیں، جہاں وہ لاوارثی کی زندگی گزار رہی تھیں۔

(جاری ہے)

خاندان سے رابطہ نہ ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔سیف سٹی سیالکوٹ کی ٹیم نے مسلسل محنت اور ایک مؤثر سوشل میڈیا مہم کے ذریعے مسرت کے خاندان کو تلاش کیا۔ تمام ضروری تصدیق کے بعد مسرت کو ان کے بیٹے اور شوہر کے حوالے کر دیا گیا۔سیف سٹی حکام کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ جب ٹیکنالوجی، ہمدردی اور خلوص نیت کو یکجا کیا جائے تو بچھڑے ہوئے اپنوں کو دوبارہ ملایا جا سکتا ہے۔