پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں کا کوٹ لکھپت جیل سے وکلاء کو خط

ہماری زنجیریں تو ایک دن ٹوٹ جائیں گی لیکن اگر عدلیہ کی زنجیریں نہ ٹوٹیں تو آنے والی نسلیں غلام رہیں گی، مزاحمت کی لہریں اٹھ چکی ہیں، اب انہیں جیت کی لہر میں بدلنے کا وقت ہے؛ خط کے مندرجات

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 ستمبر 2025 16:28

پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں کا کوٹ لکھپت جیل سے وکلاء کو خط
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں نے کوٹ لکھپت جیل سے وکلاء کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے خط میں یاد دلایا ہے کہ کس طرح 2007ء کی وکلاء تحریک میں وکیلوں اور پی ٹی آئی نے مل کر عدلیہ کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں، گرفتاریاں دیں اور آمریت کے سامنے ڈٹ گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں کا خط میں یہ بھی کہنا ہے کہ آج بحران اس سے کہیں بڑا ہے، فارم 47 حکومت نے عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے عدلیہ کو غلام بنا دیا ہے، عدالتیں انصاف دینے کی بجائے سیاسی انتقام اور فسطائیت کو تحفظ فراہم کر رہی ہیں، جب کہ 26ویں ترمیم عدلیہ کو مزید زنجیروں میں جکڑنے کا ہتھیار بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

قیدی رہنماؤں نے وکلاء کے نام اپنے خط میں لکھا کہ اس صورتحال میں وکلاء برادری سے اپیل ہے کہ وہ خوف کو توڑیں، قراردادیں اور اجتماعات کریں، سیاہ کوٹ میں پھر سڑکوں پر نکلیں اور 2007ء کی طرح ایک نئی عدالتی مزاحمت شروع کریں، ہماری زنجیریں تو ایک دن ٹوٹ جائیں گی لیکن اگر عدلیہ کی زنجیریں نہ ٹوٹیں تو آنے والی نسلیں غلام رہیں گی، مزاحمت کی لہریں اٹھ چکی ہیں، اب انہیں جیت کی لہر میں بدلنے کا وقت ہے۔