Live Updates

کمزورطبقات کی زندگی میں بہتری لانے کی کوششیں کررہے ہیں، میاں مقصود

حالیہ موسمی تبدیلیوں اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات میں تیزی لائی گئی ہے،چیئرمین الفا فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس

اتوار 21 ستمبر 2025 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)الفا فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے چیئرمین میاں محمد مقصود نے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن کا مشن صرف انسانیت کی خدمت ہے اور اس کا ہر کارکن ہر مشکل وقت میں اسی عزم کے ساتھ عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ الفا فاؤنڈیشن نہ صرف ہنگامی امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ تعلیم، صحت، خواتین و بچوں کے حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں بھی اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے تاکہ معاشرتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

الفا فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری عبداللہ فاروق نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ فاؤنڈیشن کی کامیابی کا راز اس کے کارکنوں کے جذبہ خدمت اور شفافیت میں چھپا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن کی تمام سرگرمیاں عوامی فلاح اور انصاف کے لیے وقف ہیں اور ہر قدم پر شفافیت کو اولیت دی جاتی ہے تاکہ ہر مددگار اور معاون ادارے کو اعتماد مل سکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین میاں محمد مقصود نے کہا کہ حالیہ موسمی تبدیلیوں اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات میں تیزی لائی گئی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ فاؤنڈیشن کے رضاکار دن رات کام کر رہے ہیں اور متاثرین کو اشیائے خوردونوش، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقے جلال پور پیروالا میں امدادی قافلے کی روانگی کا بھی ذکر کیا، جس میں خشک راشن، خیمے، طبی سامان اور دیگر اہم اشیاء شامل ہیں۔

یہ قافلہ تجربہ کار رضاکاروں اور طبی ٹیم کے ہمراہ روانہ کیا گیا تاکہ امداد بروقت اور شفاف انداز میں متاثرین تک پہنچائی جا سکے۔الفا فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک بھر میں کم آمدنی والے علاقوں میں مفت تعلیمی کلاسز، موبائل میڈیکل کیمپس، لیگل اسسٹنس پروگرامز اور صفائی مہمات کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔

عبداللہ فاروق نے تمام شہریوں اور فلاحی اداروں سے درخواست کی کہ وہ الفا فاؤنڈیشن کے مشن کو تقویت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مل کر ہم ایک مضبوط، مستحکم اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں، جہاں ہر فرد کو اس کے حقوق اور مواقع میسر ہوں۔الفا فاؤنڈیشن کی یہ کاوشیں ان اداروں کے لیے ایک ماڈل بن سکتی ہیں جو صرف اپنے محدود دائرہ کار میں کام کرتے ہیں۔ ان کی یہ مسلسل فلاحی خدمات عوامی بھلا ئی کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات