لیسکو صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، محمد رمضان بٹ

اتوار 21 ستمبر 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) لیسکو کی جانب سے 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز وٹرانسمیشن لائنز کی دیکھ بھال اور مرمت کا عمل یکم ستمبر سے 15ستمبر 2025 تک جاری رہا، یہ اقدامات کمپنی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق لیسکو کی جانب سے 123 گرڈ اسٹیشنز، 1 موبائل گرڈ اسٹیشن اور 65 کنزیومر گرڈ اسٹیشنز پر مرحلہ وار مینٹیننس کا عمل انجام دیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ مختلف حفاظتی اقدامات، لائن بیلنسنگ، فیڈر ٹیسٹنگ، KWH میٹر چیکنگ اور پاور ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن بھی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق132 کے وی ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کے کام میں بھی قابل ذکر پیش رفت ہوئی جس میں مجموعی طور پر 3295.89 کلومیٹر طویل لائنز پر دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کے کام انجام دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرڈ اسٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز پر جاری یہ مرمتی کام نہ صرف سسٹم کی استعداد کار بڑھائیں گے بلکہ صارفین کو زیادہ پائیدار اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کا ہدف ہے کہ لیسکو کو ملک کے بہترین اداروں کی صف میں شامل کیا جائے ،اس مقصد کے حصول کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :